وسیم رضوی کاسنگین الزام ، بابری مسجد کے فریق مجھ کو جان سے مروانے کی سازش کررہے ہیں
02:55PM Sun 7 Oct, 2018
رام مندر کی حمایت میں بیانات دے کر سرخیوں میں رہنےو الے شیعہ وقف بورڈ کے چیئر مین وسیم رضوی نے اتوار کو بابری مسجد کے فریقوں پر سنگین الزام عائد کیا ہے۔ وسیم رضوی کا کہنا ہے کہ بابری مسجد کے فریق مجھ کو جان سے مروانے کی سازش کررہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ میرے بیانات کے غلط مطلب نکالے جارہے ہیں ۔
وسیم رضوی کے مطابق اترپردیش شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے ذریعہ سپریم کورٹ میں رام مندر کے حق میں حلف نامہ داخل کرنے کی وجہ سے بابری مسجد کی حمایت میں بولنے ولے مولوی لوگ ان کے خلاف ہوگئے ہیں ۔ وسیم رضوی نے الزام عائد کیا کہ انہیں ہجومی تشدد کے ذریعہ مروانے کی سازش رچی جارہی ہے۔ سماج میں ان کے خلاف مذہبی اشتعال پیدا کیا جارہا ہے۔
وسیم رضوی نے کہا کہ شدت پسند ان کے بیان کا غلط مطلب نکال کر پردے کے پیچھے اپنے دہشت گرد آقاوں کی پیروی کررہے ہیں ۔ وسیم رضوی کے مطابق انہوں نے اپنے بیان میں آئی ایس آئی ایس کے سربراہ بغدادی اور دہشت گرد ملا عمر کی ذہنیت کو چھوڑ کر پیغمبر محمد صاحب کے اسلام کو ماننے کی بات کہی تھی ، لیکن ان کے اس بیان کا غلط مطلب نکالا جارہاہے۔