Dual PAN cards case: Relief for Azam Khan, Abdullah Azam as Allahabad HC grants bail, suspends sentence
06:40PM Thu 29 Oct, 2026
پریاگ راج: الہ آباد ہائی کورٹ نے دو پین کارڈ معاملے میں جیل میں بند اعظم خان اور ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کو بڑی راحت دی ہے۔ الہ آباد ہائی کورٹ نے اعظم خان اور عبداللہ اعظم خان کی عرضی پر فیصلہ سناتے ہوئے دونوں کی ضمانت کی درخواستیں منظور کر لی ہیں۔ ہائی کورٹ نے دونوں کی سزا بھی معطل کر دی ہے، تاہم عدالت نے سزا کے فیصلے پر روک لگانے کی درخواست مسترد کر دی ہے۔ ہائی کورٹ میں دونوں نے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا۔
واضح رہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم، دونوں نے سزا کے فیصلے پر روک لگانے، سزا معطل کرنے اور عبوری ضمانت پر رہائی کی درخواست کرتے ہوئے فوجداری نظرثانی کی عرضی دائر کی تھی۔ اس معاملے میں 15 اکتوبر کو سماعت مکمل ہوئی تھی اور عدالت نے فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔ جسٹس سمت گوپال کی سنگل بنچ نے یہ فیصلہ سنایا۔
الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر بی جے پی کا تبصرہ
الہ آباد ہائی کورٹ کے فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ باپ بیٹے کے جرائم کی فہرست اتنی طویل ہے کہ یہ عدالتوں کے چکر کاٹتے رہ جائیں گے، کیونکہ انہوں نے غریب عوام کو لوٹا ہے۔ سرکاری رقم کا غبن کیا ہے اور یہ دونوں ہی شاطر قسم کے مجرم ہیں، سزا یافتہ افراد ہیں۔ عدالت نے فی الحال ان کی سزا معطل کی ہے، ان کی سزا کے فیصلے پر روک نہیں لگائی ہے۔
بی جے پی کے ترجمان نے مزید کہا کہ اس کا مطلب صاف ہے کہ یہ اب بھی جعل سازی کے قصوروار ہیں، یہ مجرم ہیں۔ ملک اور ریاست کے عوام جانتے ہیں کہ یہ ’پاپی دکھی آدمی گینگ‘ کے سرغناؤں میں سے ایک ہیں۔ اتر پردیش کے عوام انہیں اچھی طرح جانتے ہیں۔ یہ اِدھر اُدھر گھومتے رہیں گے اور عدالتوں کے چکر کاٹتے رہیں گے، یہ جیل سے باہر آنے والے نہیں ہیں۔