ڈاکٹر ذاکر نائیک کی حوالگی سے متعلق درخواست اب بھی ملیشیائی حکومت کے زیرغور: وزارت خارجہ

03:46PM Thu 12 Jul, 2018

ملیشیا کے وزیراعظم مہاثر محمد کے ذریعہ ذاکر نائیک کو ہندستان نہیں بھیجنے کے اعلان کے کئی دن بعد وزارت خارجہ نے جمعرات کو دعوی کیا کہ اس کی حوالگی کی رسمی درخواست ملیشیائی حکومت کے پاس اب بھی زیرغور ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے نامہ نگاروں سے کہاکہ اس وقت وہ کہہ سکتے ہیں کہ ہماری اضافی درخواست ملیشیائی حکومت کے زیر غور ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا ہندستان نے اس معاملہ پر ملیشیائی حکومت کے سامنے احتجاج درج کرایا ہے اور ہندستان کے سامنے کیا متبادل ہیں ، ترجمان نے کہاکہ متبادل بھی ہیں، مگر اس پلیٹ فارم سے ان پر بات نہیں کی جاسکتی کہ ہمارے پاس کیا متبادل ہیں۔  
انہوں نے کہاکہ اس برس جنوری میں ہندستانی حکومت نے ذاکر نائیک کی حوالگی کی باضابطہ درخواست کی تھی اور کہا تھا کہ یہ ایک ہندستانی شہر ی ہے اور ملیشیا میں مقیم ہے جو ہندستان میں مجرمانہ معاملات میں مطلوب ہے۔یہ پوچھے جانے پر کہ کچھ میڈیا رپورٹوں میں ذاکر نائیک کو ملیشیا میں پیس ٹی وی کے لئے زمین اور اجازت ملنے کی بات کہی گئی ہے، کیا اس کی تصدیق ہو سکتی ہے ، اس پر ترجمان نے کہاکہ ایسی رپورٹوں کی کوئی تصدیق نہیں ہوسکتی ہے۔