Dr. Farzana Farah’s Book ‘Gul Afshaniyan’ Wins Karnataka Urdu Academy’s Best Book Award
06:53PM Tue 10 Nov, 2026
بنگلورو، 10 نومبر: (بھٹکلیس نیوز بیورو) کرناٹک اردو اکادمی کی جانب سے 9 نومبر 2026 کو بنگلورو کے ٹاؤن ہال میں منعقدہ جشنِ اردو کی پروقار تقریب میں ریاست کی معروف ادیبہ و شاعرہ ڈاکٹر فرزانہ فرح کو ان کی تصنیف ’گل افشانیاں‘ پر سال 2024-2025 کا بہترین کتاب ایوارڈ پیش کیا گیا۔
یہ اعزاز ان کے انشائیوں کے مجموعے ’گل افشانیاں‘ کی ادبی اہمیت اور تخلیقی خوبیوں کے اعتراف میں دیا گیا۔ ایوارڈ کے تحت انہیں شال، توصیفی سند، یادگاری میمنٹو اور 25 ہزار روپے نقد پیش کیے گئے۔ یہ اعزاز ریاستی وزراء یو۔ ٹی۔ قادر اور رضوان ارشد کے ہاتھوں تفویض کیا گیا۔
تقریب میں ارکانِ اسمبلی این۔ اے۔ حارث اور کنیز فاطمہ، رکنِ پارلیمان منصور علی خان، سکریٹری محکمہ اقلیتی بہبود سلمیٰ فہیم، کرناٹک اردو اکادمی کے صدر مفتی محمد علی قاضی مصباحی، اکادمی کے اراکین اور دیگر معزز شخصیات شریک رہیں۔
ڈاکٹر فرزانہ فرح کو ملنے والا یہ اعزاز ان کی طویل ادبی جدوجہد، منفرد اسلوب اور اردو ادب کے لیے ان کی گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔ ان کی تصنیف ’گل افشانیاں‘ کو ریاستی سطح پر یہ اعزاز ملنا نہ صرف ان کے لیے بلکہ بھٹکل اور ریاست کرناٹک کے ادبی حلقوں کے لیے بھی باعثِ فخر و مسرت ہے۔