عمان میں طوفان کا قہر ، ایک دن میں ہوئی تین سال کے برابر بارش ، چھ افراد کی موت ، بڑے پیمانے پر تباہی
10:06AM Sun 27 May, 2018
Share:
جنوبی عمان ور یمن میں آئے اب تک کے سب سے طاقتور طوفان میں چھ لوگوں کی موت ہوگئی ہے اور 30 لوگ لاپتہ ہیں۔ میکونو نام کے اس طوفان کی وجہ سے عمان کے سلالہ شہر میں ایک دن میں ہی تین سال کے برابر بارش ہوگئی ، جس کی وجہ سے سیلاب آگیا اور سڑکیں تباہ ہوگئیں ۔ تیز ہواوں کی وجہ سے اسٹریٹ لائٹیں بھی ٹوٹ گئیں اور متعدد گھروںکی چھتیں بھی ہوا میں اڑگئیں۔
عمان میں 12 سال کی ایک بچی سمیت تین لوگوں کی موت ہوگئی ہے وہیں سوکوٹرا کے یمنی جزیرہ میں دو لاشیں برآمد ہوئی ہیں ۔ سوکوٹرا میں تیس سے زیادہ افراد لاپتہ ہیں ، جن میں یمن ، ہندوستان اور سوڈان کے شہری شامل ہیں۔
یمن کے افسران نے بھی عمان سے متصل مشرقی حصے میں طوفان سے نقصان کی تصدیق کی ہے۔ الماہرہ خطہ کے گورنر نے ٹویٹ کیا کہ تیز ہواوں کی وجہ سے گئی گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔ مواصلاتی لائنیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ حالانکہ انہوں نے کہا کہ خطہ میں کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمان سے ٹکرانے کے بعد میکونو طوفان کیٹیگری 3 میں تبدیل ہوگیا جس کے باعث 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے لگیں اور موسلا دھار بارش ہورہی ہے۔کئی علاقے زیر آب آگئے اور گھروں میں پانی داخل ہوگیا جس کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے جبکہ پورے ملک کی شاہراہوں پر شدید ٹریفک جام اور پٹرول نایاب ہوگیا ہے۔