شیوسینا کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ دے کر حکومت بنانے کو تیار این سی پی، لیکن رکھی یہ شرط

01:46PM Tue 5 Nov, 2019

ممبئی۔ مہاراشٹر اسمبلی الیکشن کے نتائج آنے کے بعد پچھلے 11 دنوں سے حکومت سازی کو لے کر جاری کھینچ تان کے درمیان منگل کو این سی پی نے بڑا بیان دیا ہے۔ ابھی تک اپوزیشن میں بیٹھنے کی بات کرنے والی این سی پی نے حکومت بنانے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے شیوسینا کے سامنے حکومت سازی کے لئے کچھ شرطیں رکھی ہیں۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے این سی پی کے ایک سینئر لیڈر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر کہا کہ اگر شیوسینا ہمارے ساتھ اتحاد میں حکومت بناتی ہے تو پانچ سال کے لئے وزیر اعلیٰ ان کا ہو گا۔ ہمیں وزیر اعلیٰ کا عہدہ نہیں چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس صورت حال میں دو نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے ہوں گے ان میں بھی ایک شیوسینا کا ہی ہو گا، لیکن یہ باتیں تبھی ممکن ہوں گی جب شیوسینا بی جے پی کے ساتھ اپنا اتحاد توڑ لے۔
این سی پی لیڈر کے مطابق، مرکز کی مودی حکومت میں شامل شیوسینا کے واحد وزیر اگر استعفیٰ دے دیں تو این سی پی اتحاد کے بارے میں سوچ سکتی ہے۔ ایسے میں مہاراشٹر میں حکومت سازی کے دوران انہیں کانگریس کی باہر سے حمایت ملے گی۔ این سی پی لیڈر نے کہا کہ ان کی پارٹی کو وزیر اعلیٰ کا عہدہ نہیں چاہئے۔ اتحاد ہوتا ہے تو شیوسینا پانچ سال کے لئے وزیر اعلیٰ کا عہدہ رکھ سکتی ہے۔ لیکن ریاست میں دو نائب وزیر اعلیٰ ہوں گے جس میں سے ایک این سی پی اور ایک ان کا ہو گا۔ لیکن اس دوران این سی پی لیڈر نے ایک اور بات کہہ دی۔ ان کے مطابق، اس صورت حال میں بھی تبدیلی ممکن ہے۔ اگر شرد پوار نے وزیر اعلیٰ بننے کی خواہش ظاہر کی تو اسے بدلا جائے گا لیکن ابھی کے حالات کو دیکھتے ہوئے ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے۔ این سی پی نے کہا کہ ہم کابینہ میں کچھ اہم ترین عہدوں کی ضرور مانگ کریں گے۔