وزیر اقلیتی بہبود نے صفا ئی کا حلف دلایا
03:20PM Fri 24 Mar, 2017
لکھنؤ۔(بھٹکلیس نیوز)ریاست کے دودھ ترقیات ،مذہبی امور ،ثقافتی و اقلیتی بہبود کے وزیر جناب لکشمی نرائن چودھری نے آج وزیر اعلیٰ کی خواہش کے مطابق اپنے چاروں محکموں کے سبھی افسران و ملازمین کو صفائی کے تئیں حلف دلایا۔پی سی ٹی ایف ہیڈ کوارٹر کے لکھنؤ واقع آڈیٹوریم میں عظیم الشان پروگرام میں وزیر نے صفائی کے تئیں حلف برداری تقریب کے بعد موجود افسران اور ملازمین کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی خواہش کے مطابق پوری ریاست میں صفائی مہم شروع کی گئی ہے۔اپنے آفس کو صاف رکھنے سے دل خوش رہتا ہے اور کام کے طریقہ میں بہتری پیدا ہوتی ہے۔ریاست کو ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہی صاف رکھنا ہے۔ہر فرد کو اپنا گھر،آفس بھی صاف رکھنا ہوگا ساتھ ہی دوسروں کو بھی صاف رہنے کے لئے ترغیب دینا ہوگا۔ ہفتہ میں کم سے کم دو گھنٹے محنت کر کے اپنے دفتر کو صاف رکھنا ہے اس موقع پر پرنسپل سکریٹری دودھ ترقیات ؍دودھ کمشنر ؍مینجنگ ڈائریکٹر پی سی ڈی ایف ڈاکٹر سدھیر ایم بوبڈے پرنسپل سکریٹری مذہبی امور جناب نونیت سہگل اور چاروں محکموں کے سینئر افسران و ملازمین موجود تھے۔