Dongarpally Residents Demand Relocation of Mundalli Crematorium, Submit Memorandum to Assistant Commissioner
04:44PM Mon 16 Nov, 2026
بھٹکل: 16نومبر،2026 (بھٹکلیس نیوز بیورو) سرابی ندی کے کنارے مُنڈلی میں قائم شمشان سے اٹھنے والے دھوئیں کے باعث ندی کی دوسری جانب واقع ڈونگر پلی اور اطراف کے رہائشی علاقوں میں پیدا ہونے والی پریشانیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے علاقے کی نوجوان اتحاد کمیٹی نے شمشان کو موجودہ مقام سے منتقل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں پیر کے روز کمیٹی کے صدر فیضان ندوی کی قیادت میں خواتین سمیت 50 سے زائد افراد پر مشتمل وفد نے بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر (اے سی) سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں میمورنڈم پیش کیا۔ اس موقع پر علاقے کی سرگرم سماجی کارکن آمنہ بیلّی نے وفد کی جانب سے میمورنڈم پڑھ کر سنایا۔
میمورنڈم میں کمیٹی کے سابق صدر یوسف بیلّی نے مسئلے کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا کہ ڈونگر پلی اور مُنڈلی کے درمیان سرابی ندی بہتی ہے، جس کے کنارے مُنڈلی میں شمشان قائم کیا گیا ہے۔ وہاں آخری رسومات کی ادائیگی کے دوران اٹھنے والا دھواں ندی پار کرکے ڈونگر پلی اور اطراف کے رہائشی علاقوں تک پہنچتا ہے، جس سے مقامی مکینوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے بالخصوص بچوں اور بزرگوں کی صحت پر اس کے ممکنہ مضر اثرات کے تعلق سے تشویش ظاہر کرتے ہوئے شمشان کی منتقلی کو ضروری قرار دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ڈونگر پلی میں 50 سے زائد مکانات موجود ہیں، جہاں رہائشی آبادی کے علاوہ مسجد، مندر اور دیگر عوامی سہولتیں بھی قائم ہیں۔ کمیٹی نے واضح کیا کہ اس کا مطالبہ کسی مذہبی طبقے کے عقائد، مذہبی روایات یا آخری رسومات کی ادائیگی کے خلاف نہیں ہے، بلکہ اعتراض صرف شمشان کے لیے منتخب کیے گئے مقام پر ہے، جس سے اطراف کی آبادی کے صحت، ماحول اور روزمرہ زندگی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
کمیٹی نے اسسٹنٹ کمشنر سے مطالبہ کیا کہ معاملے کی مکمل جانچ اور حتمی فیصلے تک موجودہ مقام پر آخری رسومات کی سرگرمیاں عارضی طور پر روکنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔ اس کے علاوہ متعلقہ محکموں کے ذریعے شمشان کے موجودہ مقام کی موزونیت اور اس سے اٹھنے والے دھوئیں کے انسانی صحت اور ماحول پر پڑنے والے ممکنہ اثرات کی جانچ کروائی جائے۔ کمیٹی نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ موجودہ مقام پر شمشان جاری رکھنے کی اجازت پر نظرثانی کرتے ہوئے اسے رہائشی آبادی سے مناسب فاصلے پر کسی موزوں اور قانونی متبادل مقام پر منتقل کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر وفد نے اسسٹنٹ کمشنر سے معاملے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے عوامی مفاد میں جلد ضروری کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ میمورنڈم کی کاپی بھٹکل ڈی وائی ایس پی، مُنڈلی گرام پنچایت کے ڈیولپمنٹ آفیسر اور بھٹکل سٹی میونسپل کونسل کے چیف آفیسر کو بھی پیش کی گئیں۔