اروناچل پردیش میں نائب وزیر اعلیٰ کے بنگلے میں مظاہرین نے لگائی آگ
12:38PM Sun 24 Feb, 2019
اروناچل پردیش میں ریاست کے باہر کی چھ برادریوں کو مستقل شہری ہونے کا سرٹیفیکٹ دینے کے خلاف احتجاج جاری ہے۔ یہاں ماحول کشیدہ بنا ہوا ہے۔ اتوار کو دوپہر تقریبا ایک بجے مشتعل مظاہرین نے نائب وزیر اعلیٰ چونے مین کے بنگلے پر دھاوا بول دیا اور وہاں آگ لگا دی۔
ایٹانگر ضلع انتظامیہ کی رپورٹ کے مطابق، نائب وزیر اعلیٰ کی ایک گاڑی کو بھی مظاہرین نے جلا دیا ہے۔ خبر ہے کہ وزیر اعلیٰ پیما کھانڈو کے گھر کی باہر آئی ٹی بی پی کے جوانوں اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی۔
اس درمیان احتجاج کاروں نے ریاست کے ماحولیات اور جنگلات کے وزیر نبام ریبیا کے گھر پر بھی آگ لگا دی۔ نبام ریبیا پی آر سی جوائنٹ پاور ہائی کمیٹی کے چئیرمین بھی ہیں۔ مسلسل بڑھتی کشیدگی کے مدنظر نائب وزیر اعلیٰ چونے مین کو اتوار کی صبح ایٹا نگر سے نامسائی ضلع میں شفٹ کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ مظاہرین نے ضلع کمشنر کے گھر پر بھی آگ زنی کی ہے۔