بھٹکل: بچہ چوری کے شبہ میں محمد ریاض پر پتھر سے حملہ؛ سر پر لگی شدید چوٹ
03:46PM Mon 7 Oct, 2019
بھٹکل: 07 اکتوبر،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے جالی میں گھومنے گئے محمد ریاض نامی ایک شخص پر ایک مقامی فرد نے بچہ چوری کا الزام لگاتے ہوئے اسے پتھر سے پیٹ دیا ہے جس کے نتیجہ میں ریاض کے سر پر شدید چوٹ لگی ہے۔
اطلاع کے مطابق ریاض کا تعلق یو پی سے ہے اور وہ گزشتہ دو مہینوں سے بھٹکل میں پی او پی کا کام کر رہا ہے۔ اتوار کے روز ریاض اپنے ساتھیوں کے ساتھ جالی گیا ہوا تھا کہ اس دران شری ناتھ نامی شخص نے اسے مخاطب کرنے کی کوشش کی ۔ غالبا کنڑا میں بات کرنے کی وجہ سے ریاض کچھ سمجھ نہیں پایا اور اس کا جواب دئے بغیر ہی آگے چل دیا لیکن جیسے ہی ریاض ساحل سمندر پر بیٹھا تو شری ناتھ نے اس کے سر پر پتھر دے مارا جس کی وجہ سے ریاض کے سر سے خون بہنے لگا۔ریاض کو بعد میں بھٹکل سرکاری اسپتال میں علاج کے لئے لے جایا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ملزم شری ناتھ شراب کے نشےمیں تھا۔ پولس نے ملزم کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور بھٹکل شہری پولس تھانہ میں کیس درج کرلیا گیاہے۔