ایران نےایٹم بم بنایا ، تو ہم بھی بنائیں گے : سعودی ولی عہد محمد بن سلمان
04:15PM Fri 16 Mar, 2018
Share:
ریاض : سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ اگر ایران جوہری بم بناتا ہے تو ان کا ملک بھی جوہری صلاحیت حاصل کرے گا۔ ایک امریکی ٹی وی چینل کو ایک انٹرویو میں شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ’سعودی عرب کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنا چاہتا لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ اگر ایران نے ایٹمی بم بنایا تو تو ہم بھی جلد سے جلد ایسا کریں گے۔‘
ادھر عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی کابینہ کی جانب سے جوہری توانائی پروگرام کی منظوری پرامن مقاصد کے لیے دی گئی ہے۔ یہ منظوری ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ امریکا سے چند روز قبل دی گئی ہے۔ شہزادہ محمد بن سلمان 19 سے 22 مارچ تک امریکہ کا تین روزہ دورہ کریں گے جس میں وہ امریکا سے جوہری معاہدہ طے کرنے کے لیے بات چیت کریں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان 2015 میں ہونے والے جوہری معاہدے کے حق میں نہیں ہے۔ اس معاہدے کے بعد ایران پر لگنے والی پابندیاں اٹھا لی گئی تھیں۔ سعودی ولی عہد کے اصلاحات میں سویلین جوہری توانائی بھی شامل ہے تاکہ ملک کا تیل پر انحصار کم ہو سکے۔ اس سے قبل سعودی عرب نے کہا تھا کہ وہ جوہری ٹیکنالوجی پرامن مقاصد کے لیے حاصل کرنا چاہتا ہے لیکن اس نے کبھی وضاحت نہیں کی کہ آیا وہ یورینیئم کی افژودگی بھی کرے گا یا نہیں۔