جامعہ اسلامیہ بھٹکل میں دو روزہ بین الاضلاع مسابقہ  کا آغاز

03:16PM Wed 30 Nov, 2016

بھٹکلیس نیوز / 30 نومبر، 16 بھٹکل / (نامہ نگار) اساتذہ و طلبائے جامعہ کی سالوں کی محنت اور مہینوں کی کوششوں کے بعد سابق مہتمم جامعہ حضرت مولانا عبدالباریؒ کا خواب (مسابقہ بین الاضلاع برائے مدارس/ اسکولز و شبینہ مکاتب)شرمندۂ تعبیر ہوا، اس مسابقہ کی افتتاحی نشست آج صبح ساڑھے نو بجے جامعہ اسلامیہ جامعہ آباد کے  کانفرنس ہال میں منعقد ہوئی، جس میں مولانا انصار صاحب ندوی نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے  ہوئے کہا کہ نئی نسل کی ایمان کی حفاظت اور ان کے اندر دین کی بنیادوں کو مضبوط و مستحکم کرنے کی حد درجہ ضرورت ہے، مزید کہا کہ افتتاحی تقریب سے اختتامی تقریب تک جو پیغام آپ کو دین کی ترقی و نشر واشاعت کے سلسلہ میں حاصل ہو اس کو  اپنے علاقوں میں عام کریں۔ مہتمم جامعہ اسلامیہ مولانا مقبول احمد صاحب ندوی نے مسابقہ کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ حالات حاضرہ میں مدارس کی بقاء کا  خطرہ لاحق ہوا ہے ، اساتذہ کرام  اور ائمہ مساجد مختلف عناوین سے اپنے اپنے علاقوں میں ایمان کو دل میں پیوست کرنے کے لئے خدمات کررہے ہیں، ان حضرات کی ہمت افزائی اور ان کو مزید اپنے کام کےآگے بڑھانے  میں حوصلہ دینے کے لئے آج کی یہ نشست بلائی گئی ہے۔ اور سورۃ الرحمن کی ابتدائی آیات  کی روشنی میں فرمایا کہ رحمن کی رحمانیت کا سب سے بڑا مظہر یہ ہے کہ اس نے ہمیں قرآن کی تعلیمات سے آگاہ کیا۔ مزید یہ بھی فرمایا  کہ ہم سب کے اندر یہ احساس ہمیشہ بیدار رہے کہ ہم جہاں بھی رہیں اپنے بچوں اور نوجوانوں کو دین کے صحیح احکام سے واقف کرائیں اور ان کے تعلق کو دین سے مربوط رکھنے میں تعاون کریں۔ نائب صدر جامعہ اسلامیہ مولانا اقبال صاحب ملا ندوی نے صدارت فرمائی اور ناظم جامعہ اسلامیہ جناب ماسٹر شفیع صاحب  نے مفید کلمات سے سامعین کو مستفید کیا۔ واضح رہے کہ  عبدالواسع یس جے نے قرآن مجید کی تلاوت کی، نصیر طاہر باپو نے نعت پڑھی، کلمات تشکر محمد حذافہ ڈھنڈا نے پیش کئے۔ عبدالواسع پیشمام و شبیل کوبٹے نے نظامت کے فرائض انجام دئے۔ مسابقہ کی پہلی کڑی گیارہ بجے شروع ہوئی جس میں پانچ مسابقے تھے، سیرت کوئز برائے اسکول کانفرنس ہال میں کل ۲۳ ٹیمیں ، نعتیہ مسابقہ برائے مکاتب ثانویہ ہال میں کل ۱۷ مساہمین اور حدر مسابقہ برائے شبینہ مکاتب حفظ جدید عمارت میں کل ۷۷ مساہمین نے شرکت کی، یہ مسابقے قریب دوپہر  ساڑھے بارہ تک جاری رہے، اس کے بعد حمدیه مسابقہ بین المدارس اور حدر مسابقہ مابین اسکولز شروع ہوا جو ظہر کی نماز کے بعد بھی جاری رہا ، حمد میں کل ۱۳ مساہمین تھے تمام مہمانوں کے لئے ظہرانے کا بھی نظم رہا۔ دوسری کڑی بعد نماز عصر شروع ہوئی جس میں ناظرہ قرآن برائے شبینہ مکاتب اور سیرت کوئز برائے شبینہ مکاتب تین الگ الگ جگہوں پر منعقد ہوا، بعد نماز مغرب تا عشاء اس کا سلسلہ جاری ہے۔ علم میں رہے کہ یہ مسابقتی پروگرام طلبائے جامعہ کی انجمن اللجنۃ العربیۃ کے زیر اہتمام منعقد ہورہا ہے۔ انشاء اللہ یہ مسابقہ کل بھی جاری رہے گا، اور بعد نماز عشاء سلطانی مسجد کے احاطہ میں اس کا مظاہرہ ہوگا اور ممتاز طلبہ کو انعامات سے بھی نوازا جائے گا۔