بالاکوٹ فضائی حملہ : امریکہ ہندوستان سے شیئر نہیں کرے گا مار گرائے گئے ایف 16 طیارہ کی جانکاری ، دی یہ دلیل

12:00PM Sun 28 Apr, 2019

امریکہ نے جموں و کشمیر میں فوجی تنصیبات پر فضائی حملہ کرنے کی پاکستان کی کوشش کے دوران ہندوستانی فضائیہ کی جوابی کارروائی میں مار گرائے گئے ایف 16 جنگی طیارہ کی جانکاری ہندوستان کے ساتھ شیئر کرنے سے انکار کردیا ہے۔ ایک امریکی افسر نے بتایا کہ ہندوستان کی جانب سے اس حملے کی اطلاع دینے کے فورا بعد بتادیا گیا تھا کہ امریکہ اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ سمجھوتے کی وجہ سے اس کے ساتھ جنگی طیارہ کی کوئی جانکاری شیئر نہیں کی جاسکتی ہے۔ امریکی افسر نے اس موقف کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان امریکہ کے اس فیصلہ کو سمجھتا ہے ۔ اگر کوئی تیسر املک ہندوستانی فضائیہ کے بیڑے میں شامل سی 130 ، سی 17 یا اپاچے کے بارے میں جانکاری مانگے گا ، تو بھی ہمارا جواب یہی ہوگا ۔ انڈین ایکسپریس نے امریکی افسر کے حوالے سے لکھا ہے کہ اس وقت یہ ہندوستان اور امریکہ کے درمیان دو طرفہ معاملہ ہوگا۔
 ہندوستانی فضائیہ نے مارچ میں امریکہ سے شکایت کی تھی کہ پاکستان نے ہمارے خلاف حملہ کرنے کیلئے امریکی ایف 16 طیارہ کا استعمال کرکے معاہدہ کی شرطوں کی خلاف ورزی کی ہے۔ فضائیہ نے ہوا سے ہوا میں مار کرنے والی امرام میزایل کے ٹکڑوں کی تصویریں بھی شیئر کی تھیں ۔ پاکستان ان میزائل کا استعمال ایف 16 طیاروں میں ہی کرسکتا ہے۔اس کے بعد پاکستان نے کہا تھا کہ ہندوستان پر حملہ کیلئے ایف 16 طیارہ کا استعمال نہیں کیا گیا تھا ۔ اسی دوران امریکہ کی ایک میگزین نے بھی لکھا کہ بیچے گئے سبھی ایف 16 طیارے صحیح و سلامت ہیں ۔ خیال رہے کہ ہندوستان - پاکستان کے درمیان 14 فروری کو جموں و کشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر خودکش حملے کے بعد کشیدگی بڑھ گئی تھی ۔ اس دہشت گردانہ حملہ میں سی آر پی ایف کے 40 جوان شہید ہوگئے تھے ۔
 اس کے 13 ویں دن ہندوستان نے پاکستان کے بالا کوٹ میں فضائی حملہ کرکے دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے ٹریننگ کیمپ کو نیست و نابود کردیا تھا ۔ اس کے اگلے ہی دن پاکستانی فضائیہ نے ہندوستان کے خلاف جوابی کارروائی کرنے کی کوشش کی ، جس کو ہندوستانی فضائیہ نے ناکام بنادیا۔ ہندوستانی فضائیہ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کے ایک ایف 16 طیارہ کو مار گرایا تھا۔