پٹرول - ڈیژل کی قیمتوں میں اضافہ پردہلی ہائی کورٹ نے مرکزی حکومت کو بھیجا نوٹس
01:38PM Wed 12 Sep, 2018
دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کو پٹرول - ڈیژل کی قیمتوں میں اضافہ کو لے کرایک مفاد عامہ کی عرضی پرسماعت کرتے ہوئے مرکزی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ کورٹ نے مرکز سے قیمتوں میں اضافہ ہونے سے متعلق جواب طلب کیا ہے اورمعاملے کی آئندہ سماعت 16 نومبرکومقررکی ہے۔
عدالت نےعرضی گزارسے بھی کہا ہے کہ 4 ہفتے کے اندروہ مرکزی حکومت کو پرزنٹیشن دیں اوربتائیں کہ کیسے پٹرول - ڈیژل کی قیمتوں میں کمی آسکتی ہے۔ حالانکہ ہائی کورٹ نے یہ بھی کہا کہ پٹرول - ڈیژل کی قیمت حکومت کی پالیسی کا حصہ ہیں۔ کیسے اس پرعدالت حکم دے سکتی ہے، لہٰذا 16 نومبرتک عرضی گزاراورمرکزی حکومت اس بابت جواب دائر کریں۔
اس عرضی میں اسینشیل کموڈٹیزایکٹ 1955 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ مرکزی حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ضروری اشیا کو مناسب قیمتوں پرعام لوگوں تک پہنچائیں۔ گزشتہ دنوں مسلسل پٹرول - ڈیژل کی قیمتوں کے متعلق عدالت سے گہارلگائی گئی ہے کہ وہ مرکزکو فوری حکم دیں، جس سے عام لوگوں کو کچھ راحت مل سکے۔