سعودی خاندان بیٹے کے بھارتی قاتل کے خلاف قصاص سے دست بردار
04:13PM Wed 15 Mar, 2017
سعودی عرب کے صوبے نجران میں ایک مقامی خاندان بھارتی شہری کے خلاف اپنے قصاص کے حق سے دست بردار ہو گیا۔ مذکورہ بھارتی نے جھگڑے کے نتیجے میں اس سعودی گھرانے کے بیٹے کو قتل کر دیا تھا۔ اس سلسلے میں نجران کے گورنر جلوی بن عبدالعزیز بن مساعد نے مقتول سعودی شہری صالح محمد آل لبید کے اہل خانہ کو اپنے بیٹے کے قاتل کو معاف کر دینے پر خیر و برکت کی دعا دی۔
اپنے دفتر میں مقتول کے خاندان سے ملاقات کے دوران گورنر جلوی نے باور کرایا کہ آل لبید خاندان کی جانب سے نسل اور قومیت سے قطع نظر ہو کر قصاص سے دست برداری درحقیقت سعودی معاشرے کا کریمانہ برتاؤ ہے جو ایک سچے مسلمان کے اخلاق کی نمائندگی کرتا ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی امّت کو اسی سلوک کی تلقین کی ہے۔ اس موقع پر مقتول کے اہل خانہ نے مجرم سے قصاص لینے سے دست بردار ہونے پر اپنی مسرت کا اظہار کیا۔