اے سی بی کا غلط استعمال ریاستی حکومت کو برخاست کرنے بی جے پی کا مطالبہ
04:13PM Wed 30 Aug, 2017
بنگلور( بھٹکلیس نیوز ):۔ بی جے پی کرناٹک یونٹ نے اینٹی کرپشن بیوریو ( اے سی بی ) کا غلط استعمال کرنے کا الزام لگا کر حکومت کو برخاست کرنے کی مانگ کی۔ مرکزی وزیر برائے کھاد اور کیمیکلس اننت کمار کی قیادت میں ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر سابق نائب وزیر اعلی ٰ آر اشوک اور دیگر کئی اراکین اسمبلی کے ایک وفد نے گورنر سے راج بھون جاکر ملاقات کی اور ایک یاد داشت پیش کرکے الزام لگایا کہ سدا رامیا حکومت ا ے سی بی کا غلط استعمال کرکے بی جے پی لیڈروں کو ذہنی طورپر پریشان کررہی ہے اس لئے اس حکومت کو برخاست کرنے کے ساتھ ہی اے سی بی کو بند کرنے کی مانگ کی۔ گورنر سے ملاقات کے بعد اننت کمار نے نامہ نگاروں کوبتایا کہ حکومت نے سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یڈیورپا کے خلاف ڈاکٹر شیوا رام کارنتھ لے آؤٹ معاملہ میں ڈی نوٹی فکیشن کرنے کا الزام لگاکر دو ایف آئی آر درج کرائے ہیں۔ اسی سلسلہ میں اے سی بی نے یڈیورپا کو سمن جاری کرکے پوچھ تاچھ کے لئے حاضرہونے کا حکم دیا ہے اور یڈ یورپا نے پوچھ تاچھ کے لئے حاضری دینے کچھ دنوں کی مہلت دینے کی گذارش کی ہے ۔ایک طرح سے حکومت اے سی بی کا غلط استعمال کررہی ہے ۔ دوسری طرف ایک کے اے ایس افسر بال راجو نے خود چیف سکریٹری سبھاش چندر کنٹھیا سے شکایت کی ہے کہ اے سی بی کے دو اعلیٰ افسران نے اس پر تحریری شکایت درج کرنے اور اسے ترقی دینے کا لالچ دیا گیاہے اور وہ یڈیورپا کے خلاف جھوٹی تحریری شکایت درج کرنے سے انکارکرنے پر اسے دھمکی دی گئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اس افسر کی شکایت سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت یڈ یورپا کی بڑھتی مقبولیت سے ناراض ہوکر انہیں بدنام کرنے کے لئے اے سی بی کا غلط استعمال کررہی ہے ۔یڈ یورپا ہو یا دیگر لیڈروں کے خلاف سینکڑوں مقدمے دائر کئے گئے تو بھی بی جے پی اس کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور آنے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی اکثریت حاصل کرے گی اور وزیر اعلیٰ سدارامیا اور ان کی کابینہ کے رفقاء کے کئی گھوٹالوں کو منظر عام پر لاکر ان کی جانچ کرانے کے ذریعہ انہیں جیل بھیج کر ہی دم لے گی۔