سعودی عرب کے بعد .. امارات بھی شام میں زمینی مداخلت کے لیے تیار
12:48PM Sun 7 Feb, 2016
متحدہ عرب امارات نے کہا ہے کہ وہ "داعش" تنظیم کے خلاف برسرجنگ بین الاقوامی اتحاد کے تحت اپنی بری افواج شام بھیجنے کے لیے تیار ہے۔
اماراتی وزیر مملکت برائے امور خارجہ انور قرقاش نے اتوار کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ " ہمارا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ داعش کے خلاف کسی بھی حقیقی مہم میں زمینی فوج کو شامل کیا جانا چاہیے ... ہم ہزاروں کی تعداد میں فوجیوں کی بات نہیں کررہے"۔
قرقاش کا مزید کہنا تھا کہ "اس (فوج) کے لیے امریکی قیادت" کا ہونا امارات کی جانب سے پیشگی شرط ہوگی۔
متحدہ عرب امارات کا یہ اعلان، سعودی عرب کی جانب سے وزارت دفاع کے مشیر کی زبانی زمینی مداخلت کے لیے تیار ہونے سے متعلق بیان کے بعد سامنے آیا ہے۔ بریگیڈیئر جنرل احمد العسیری نے کہا تھا کہ سعودی عرب شام میں بین الاقوامی اتحاد میں شامل ہو کر کسی بھی زمینی آپریشن میں شرکت کے لیے تیار ہے۔