مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے سابق ناظم عمومی مولانا عبد الوہاب خلجی کا انتقال
12:32PM Fri 13 Apr, 2018
Share:
نئی دہلی : معروف عالم دین اور مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے سابق ناظم عمومی مولانا عبدالوہاب خلجی طویل علالت کے بعد آج بعد نماز جمعہ انتقال کرگئے ۔ مولانا پر پہلے فالج کا حملہ ہوا تھا۔ اس کے بعد دل کا دورہ پڑا اور پھر آپ برین ہیمیریج کا شکار ہو گئے تھے۔ سوشل میڈیا پر مولانا کے انتقال کے بعد سے ہی تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ مولانا خلجی نے اپنے دور میں مرکزی جمعیت اہلحدیث ہند کے لئے بڑی خدمات انجام دی ہیں۔ پورے ملک میں جمعیت اہلحدیث کو فعال اور متحرک بنانے کا سہرا بھی مولانا خلجی کے سر جاتا ہے۔ اسلام دشمنوں نے جب قرآن کریم کو جلایاتھا، اس وقت انہوں نے اپنے نام سے مقدمہ درج کرایا تھا۔
علاوہ ازیں جمعیت اہلحدیث ہند کے زیر اہتمام قرآن وحدیث کا مسابقہ شروع کیا تھا جو آج بھی بدستور جاری ہے۔ اس مسابقہ میں ملک بھر کے دینی مدارس کے طلبہ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔ مولانا ہندوستان میں مقبول ہونے کے ساتھ ساتھ بیرون ملکوں اور بالخصوص اسلامی ممالک میں بھی عزت واحترام کی نظر سے دیکھے جاتے ہیں۔