کرناٹک معاملہ پر پارلیمنٹ میں ہنگامہ، اپوزیشن کا ایوان سے واک آؤٹ

04:13PM Tue 9 Jul, 2019

نئی دہلی: کرناٹک میں جاری سیاسی بحران کے حوالہ سے کانگریس اور ڈی ایم کے سمیت اہم حزب اختلاف کی جماعتوں نے منگل کے روز لوک سبھا میں ہنگامہ کیا اور ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔ کرناٹک میں کانگریس اور جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی ایس) کے کئی ارکان اسمبلی نے استعفی دے کر مخلوط حکومت کو مشکل میں ڈال دیا ہے۔
ایوان میں ہنگامہ اس وقت شروع ہوا جب کانگریس نے وقفہ صفر کے دوران اس معاملہ کو اٹھانے کی اپیل کی لیکن اسپیکر اوم برلا نے اس کی اجازت نہیں دی۔ کانگریس اور ڈی ایم کے کے ارکان پارلیمان اسپیکر کی سیٹ کے نزدیک پہنچ گئے اور ’ہم انصاف چاہتے ہیں‘ جیسے نعرے بلند کرنے لگے۔
 اسپیکر نے کہا کہ انہوں نے پیر کے روز کانگریس کو اس ایشو پر اپنا موقف رکھنے کی اجازت دی تھی۔ انہوں نے کہا، ’’پارلیمان کے باہر یہ اشارہ نہ دیں کہ یہ نعرے بازی کرنے اور تختیاں دکھانے کا مقام ہے۔‘‘ برلا نے کہا، ’’ایوان کو میونسپل کارپوریشن کے ہال کی طرح مت بنائیں۔‘‘