راشن اور مٹی کا تیل بیک وقت تقسیم کیا جا ئے گا ۔ دنیش گنڈو راؤ
02:55PM Sat 10 Jan, 2015
بھٹکلیس نیوز/10جنوری، 14
کاروار(نامہ نگار) ریاستی وزیر برائے غذاو شہری رسدات دنیش گنڈو راؤ نے اطلاع دی ہے کے آئندہ فروری کے مہینے سے تمام راشن کی دکانوں میں راشن اور کیروسین دونوں بیک وقت ایک ہی دن تقسیم کئے جائیں گے ، وزیر موصوف کاروار میں ڈپٹی کمشنر کے میٹنگ ہال میں محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد اخبار ی نمائندوں سے خطاب کر رہے تھے اس سے پہلے راشن ہر مہینے پہلی تاریخ کو اور کیروسین 15/تاریخ کو دیا جاتا تھا، آئندہ فروری سے دونوں بیک وقت دستیاب ہو ں گے ، انہوں نے بتایا کہ مرکز حکومت کی جانب سے ریاست کو دئے جانے والے کیروسین کی مقدار میں کٹوتی کی گئی ہے اس وجہ سے گرام سطح کے بی پی ایل کارڈ والوں کو پانچ لیٹر کے بجائےچار لیٹر کیروسین دیا جائے گا ، وزیر موصو ف نے بتا یا کہ نئے راشن کی دکانوں کیلئے لائسنس دینے کا اختیا ر اب ڈپٹی کمشنر کو دیا گیا ہے ¸لائسنس دینے کے معاملے میں کو آپریٹیو اداروں کو ترجیح دی جا ئے گی اور پرائیوٹ لوگوں کو لائسنس نہیں دئے جائیں گے ، ریاستی وزیر نے کہا کہ اضلاع میں جہاں صارفین کو راشن کی دکانوں تک پہنچنا دشوار ہو تا ہے وہاں محرک راشن کی دکانیں قائم کرنے کے بارے میں غور کیا جا سکتا ہے ، انہوں نے بتایا کہ فی الوقت شمالی کنڑا ضلع میں دو گوڈاؤن ہیں ، اگر ضرورت پڑی تو ہر تعلقہ میں ایک گوڈاؤن قائم کیا جائے گا ، انہوں نے کہا کہ اگر LPGکے تقسیم کاروں کی جانب سے صارفین کو تکلیف ہو تی ہے تو ڈپٹی کمشنر ایسے تقسیم کاروں کے خلاف مقدمہ دائر کرسکتے ہیں ، شری دنیش گنڈو راؤ نے بتا یا کہ ریاست میں کانگریس کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کے محکمہ میں بھی کافی ترقی ہو ئی ہے اور کسی قسم کی بد عنوانی نہیں ہو ئی ہے ، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتا یا کہ 1985کے بعد ان کے محکمہ میں کسی عہدے پر کسی کا تقرر نہیں ہو اہے ، امسال سے وہ محکمہ میں خالی نشستوں کو پُر کرنے کا کام شروع کر رہے ہیں اور امید ظاہر کی آئندہ دو برسوں میں تمام خالی نشستیں پر کی جائیں گی ۔