بیرون ملک سے بھٹکل آنے والوں سے فوری طبی جانچ کرانے کی اپیل

04:24PM Sun 5 Apr, 2020

بھٹکل: 5 اپریل،20 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل تعلقہ میں ویسے تو اب کچھ دنوں سے کورونا کے پوزیٹیو معاملات نہیں آرہے ہیں جو کہ بڑی راحت کی خبر ہے لیکن انتظامیہ اس تعلق سے پوری طرح چوکنا ہے اور کسی طرح کی لاپرواہی برتنے کے حق میں نہیں ہے۔ اسی کے تحت بھٹکل میں ہفتہ اور اتوار کے روز بیرون ملک سے بھٹکل لوٹے کئی افراد کے تھوک کے نمونے جمع کیے گئے ہیں اور جانچ کے لیے شیموگہ بھیجا گیا ہے جن کے رپورٹ اگلے دو دنوں میں موصول ہوگی۔ ان حالات میں انتظامیہ کو شک ہے کہ کچھ لوگ ابھی بھی ایسے ہیں جو بیرون ملک سے لوٹے ہیں اور ان کی طبی جانچ نہیں ہوئی ہے۔ اس کے لیے انتظامیہ ریل، ہوائی جہاز وغیرہ سے بھٹکل آنے والوں کی فہرست تیار کر رہی ہے۔ تعلقہ انتظامیہ کی جانب سے اپیل کی گئی ہے کہ اس سلسلہ میں وہ افراد انتظامیہ کا تعاون کریں اور اپنا طبی معائنہ کرائیں تاکہ ان کی اور ان کے گھر والوں کی صحت بہتر رہے۔