سدارامیا کی قیادت میں لیجس لیچر میں اقلیتوں کو منصفانہ نمائندگی

03:21PM Sat 26 Aug, 2017

بنگلور:(بھٹکلیس نیوز) ریاست میں وزیراعلیٰ سدارامیا کی قیادت والی حکومت میں لیجس لیچر اور کابینہ میں اقلیتوں کو منصفانہ نمائندگی دی گئی ہے جو دیگر ریاستوں کیلئے قابل تقلید ہے ۔ کرناٹک منصوبہ بندی کمیشن کے وائس چیرمین وسابق مرکزی وزیر سی ایم ابراہیم کو لیجس لیٹیو کونسل کا رکن بناکر وزیراعلیٰ سدارامیا نے مزید وسعت قلبی اور اقلیت دوستی کا عملی ثبوت پیش کیا ہے ۔کرناٹک حکومت کے خصوصی نمائندہ برائے دہلی اور سینئر کانگریس لیڈر سلیم احمد نے سی ایم ابراہیم کے ایم ایل سی بننے پر ان کی رہائش گاہ پہنچ کر ان سے خیرسگالی ملاقات کی اور کہا کہ ان کا لیجس لیچر کا رکن بننا دراصل تمام سیکولر عوام ، اور اقلیتوں کو مزید نمائندگی دئے جانے کے مترادف ہے۔سلیم احمد نے کہا کہ وزیراعلیٰ سدارامیا نے ہر طرح کے اعتراضات اور مخالفت کو نظرانداز کرکے ریاست میں سیکولر اقدار اور اصولی کی پاسداری کرتے ہوئے امن وقانون کی برقراری کو اولین ترجیح دی ہے جس سے سماج دشمن طاقتوں اور فرقہ پرست عناصر کی عوام مخالف سرگرمیاں ناکام ہوتی رہی ہیں ۔سی ایم ابراہیم کے ذریعہ لیجس لیچر میں اقلیتوں سمیت تمام طبقات کی فلاح کے لئے حکومت کو بہتر رہنمائی مل سکتی ہے۔اس موقع پر کے پی سی سی لیگل اینڈ ہیومن رائٹس کے وائس چیرمین آصف حیات نے کہا کہ ریاست میں امن کے ساتھ ساتھ ترقی کے مواقع تمام طبقات کو حاصل ہورہی ہیں ۔حکومت تو فلاحی اسکیمیں بناتی ہے لیکن امن کے ماحول ہی میں ان کا نفاذ ممکن ہے ۔وزیراعلیٰ سدارامیا نے اس پہلو پر بے حد توجہ دی ہے۔