اترکینرا ضلع میں سوپر اسپیاشلٹی اسپتال کی تعمیر کے تعلق سے ایم پی آننت کمار کا غیر ذمہ دارانہ بیان
02:14PM Mon 24 Jun, 2019
کاروار: 24 جون، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) شمالی کرناٹکا ضلع میں سوپر اسپیاشلٹی اسپتال کی تعمیر کے لیے گزشتہ روز سوشیل میڈیا پر نوجوانوں کے ذریعے ایک مہم چھیڑی گئی تھی جس میں ضلع میں ہونے والے سڑک حادثات اور اس طرح کے ایمرجنسی کے موقع پر جدید سہولیات سے آراستہ اسپتال کی ضرورت پر زور دیا گیا تھا ،جس پروزیر اعلیٰ سمیت دیگر وزراء نے بھی مثبت رد عمل کا اظہار کیا تھا۔
لیکن اپنے متنازعہ بیانات سےسرخیوں میں رہنے والے اترکینرا سے ممبر پارلیمنٹ مسٹر آننت کمار ہیگڈے نے میڈیا کے ایک سوال پر غیر ذمہ دارانہ جواب دیا ہے جس سے عوام میں ناراضگی دیکھی جارہی ہے۔
اطلاع کے مطابق اتوار کے روز کاروار کے ایک پروگرام میں شرکت کے لیے آننت کمار ضلعی ہیڈ کوارٹر پہنچے ہوئے تھے جہاں میڈیا والوں نے ضلع میں سوپر اسپیاشلٹی اسپتال کی مانگ کو لے کر ایم پی سے سوالات کیے ،لیکن ممبر پارلیمینٹ آننت کمار نے سیدھے جواب دینے کے بجائے کہا کہ ’’آپ لوگ انہی لوگوں سے یہ سوال کریں جنہوں نے یہ مہم چھیڑ رکھی ہے یا پھر آپ چاہتے ہیں تو آپ ہی اس کی تعمیر کریں‘‘۔
ایم پی آننت کمار کے اس جواب پر جہاں میڈیا والے ہکا بکا رہ گئے وہیں یہ خبر سن کر عوام کو بھی تشویش لاحق ہوگئی ہے اور ضلع میں ترقیاتی کاموں پر سوال اٹھائے رہے ہیں۔
عوام کا کہنا ہے کہ آننت کمار کئی میعاد سے اس ضلع کے ایم پی ہیں اگر وہ چاہیں اور پہل کریں تو یہ اور اس جیسے بہت سارے مسائل حل ہوسکتے ہیں۔