مینگلور میں بی جے پی کی ریلی پر پتھراؤ کے بعد حالات کچھ دیر کے لئے کشیدہ

04:53AM Wed 16 May, 2018

بھٹکلیس نیوز ؍ 16 مئی، 18 منگلور ؍ (بھٹکلیس نیوز بیورو) مینگلورو کے ادیار میں گزشتہ شب بی جے پی کی دکشن کنڑا میں بڑی کامیابی پر منائی جارہی ریلی پر پتھراؤ کے بعد حالات کچھ دیر کے لئے کشیدہ ہوگئے تھے۔ بی جے پی  کی جانب سے دکشن کنڑا میں آٹھ میں سے سات سیٹوں پر قبضہ کئے جانے کی خوشی میں یہ ریلی دن کے وقت نکالی جانے والی تھی لیکن الیکشن کمشن کی اجازت نہ ملنے پر اسے رات میں نکالا گیا، اس دوران ادیار میں اس ریلی پر پتھراؤ کیا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ایک گروپ کی جانب سے مسجد پر پتھراؤ کیا گیا تھا جس پر جوابی کارروائی کرتے ہوئے اس ریلی پر پتھراؤ کیا گیا۔ پولس کا کہنا ہے کہ پتھراؤ دونوں جانب سے کیا گیا جس میں ایک شخص زخمی ہوا ہے۔ اس کے شناخت اشوک کی حیثیت سے کی گئی ہے جسے نجی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں مینگلور پولس نے فوری مداخلت کرتے ہوئے حالات پر قابو کر لیا ہے۔