عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہے کانگریس اور سی پی ایم: نریندر مودی

12:44PM Sun 8 May, 2016

کاسرگوڑ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس اور مارکسی کمیونسٹ پارٹی (سی پی ایم) پر سخت حملہ کرتے ہوئے آج کہا کہ یہ دونوں جماعتیں کیرل کے عوام کو دھوکہ دے رہی ہیں۔ مسٹر مودی نے یہاں ودیا اسمبلی اسٹیڈیم میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے کوووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سی پی ایم کا مقابلہ یہاں کانگریس سے ہے لیکن مغربی بنگال میں یہ دونوں پارٹیاں ساتھ مل کر الیکشن لڑ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیرل میں کشتی ، بنگال میں دوستی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ سیاسی شراکت کی پالیسی اپناکر دونوں جماعتیں لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہیں۔ ایسی صورت میں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ خدا کا ملک کہلانے والی اس ریاست کو کون بچائے گا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ دونوں جماعتیں تشدد اور بدعنوانی کی سیاست میں ملو ث ہیں۔ مسٹر مودی نے کسی پارٹی اور شخص کا نام لئے بغیر کہا کہ ان میں سے ایک پارٹی کا چوٹی کا لیڈر اسمبلی الیکشن کے بعد وزیر اعلی کے عہدہ کا دعویدار بتایا جارہا ہے جب کہ یہ قتل کے ایک معاملے میں ملوث ہے۔ کسانوں کو لبھانے کی کوشش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت سال 2022تک کسانوں کی آمدنی دوگنا کردے گی۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے فصلوں کو نقصان پہنچنے کی صورت میں کسانوں کو معاوضہ دینے کے لئے ایک بیمہ اسکیم بھی شروع کی ہے۔ مسٹر مودی نے کہاکہ حکومت نے چھوٹے تاجروں کو دس لاکھ روپے تک قرض دینے کے لئے مدرا اسکیم سمیت کئی بہبودی سکیمیں شروع کی ہیں۔انہوں نے ترقی اور بدعنوانی سے پاک ریاست کے لئے سولہ مئی کو ہونے والے اسمبلی الیکشن میں این ڈی اے امیدواروں کو ووٹ دینے کی اپیل کی ۔