جماعت اسلامی کے زیر اہتمام سیرت مہم کے تحت  آج بھٹکل میں کنڑا زبان میں لکھی گئی سیرت کتاب کااجراء

03:26PM Mon 11 Nov, 2019

بھٹکل: 11 نومبر، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) جماعت اسلامی بھٹکل کے زیر اہتمام میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے موقع پر سیرت مہم کا آغاز کرتے ہوئے آج صبح سیرت النبی صلی اللہ علیہ وسلم پر کنڑا زبان میں لکھی گئی کتاب کا بردران وطن کے ہاتھوں اجراء کیا گیا۔ پیغمبر حضرت محمد ؐ سب کے لئے  نام کی اس  کتاب کے اجراء کے لیے آج صبح   شمس الدین سرکل پر ایک مختصر سی  تقریب منعقد کی گئی جہاں بھٹکل کنڑا ساہتیہ پریشد کے صدر گنگادھر نائک نے سیرت کتاب کا اجراءکرنے کے بعد رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کو آفاقی قرار دیا۔ اس کے علاوہ اس موقع پر جنتا ودیالیا پی یو کالج  شرالی کے پرنسپال اے بی رام رتھ ، سماجی کارکن ستیش نائک نے بھی اپنے خیالات کاظہار کرتے ہوئے ملک میں پیار و محبت کے ساتھ رہنے کی تلقین کی۔ تقریب کا آغاز غطریف رضامانوی کی تلاوت  سے ہوا۔ جماعت اسلامی ہند بھٹکل شعبہ دعوت کے ناظم محمد رضا مانوی نے کنڑا زبان میں  استقبال کرتے ہوئے افتتاحی کلمات پیش کئے ۔ تقریب میں ناظم ضلع محمد طلحہ سدی باپا، شعبہ اسلامی معاشرہ کے ناظم مولانا سید زبیر ایس ایم، قادر میراں پٹیل، عبدالقادر باشا رکن الدین، پروفیسر سید ہاشم زرزری، محمد یونس رکن الدین ، قمر الدین مشائخ، ایس آئی اؤ بھٹکل کے صدر ثناء اللہ اسدی ، عبدالجبار اسدی، ڈاکٹر نسیم خان وغیرہ موجود تھے۔اس موقع پر بردران وطن میں ان کتابوں کو تقسیم کیا گیا ۔