ریاست کی ترقی اورعوام کی فلاح وبہبودی کیلئے کام کریں پولیس اکیڈمی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں وزیراعلیٰ کمارسوامی کا خطاب

01:27PM Sun 28 Oct, 2018

میسورو:28؍اکتوبر(سالار نیوز) آج صبح 9بجے میسور کے نظر آباد محلہ کے کرناٹکاپولیس اکیڈمی کے میدان میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور اسسٹنٹ جیل سپرنٹنڈنٹ کے اولین بیاچ کا پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوا۔اس پریڈ میں ریاست کے وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے شرکت کی۔جب وزیراعلیٰ پریڈ گراؤنڈ پہنچے تو ڈائرکٹر جنرل اینڈ انسپکٹر جنرل آف پولیس نیل منی راجو،ڈی جی پی (ٹریننگ) پدم کمار گارگ،اے ڈی جی پی (جیل)این ایس میگھریک ،انسپکٹر جنرل آف پولیس (ٹریننگ)ایس روی،کرناٹکا پولیس اکیڈمی کے ڈائرکٹر ویپول کمار نے ان کا خیر مقدم کیااور انہیں گلدستہ پیش کیا۔اکیڈمی کے زیراہتمام منعقدہ تربیتی پروگرام میں جملہ 41پولیس جوانوں نے کامیابی حاصل کی ہے جن کا اعلیٰ افسر کی حیثیت سے انتخاب عمل میں آیاہے۔یاد رہے کہ یہ تربیتی پروگرام گزشتہ سال اکتوبر میں شروع کیا گیا تھا۔مذکورہ تربیت یافتہ پولیس افسروں کا آج پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد کیا گیا۔تربیت میں کامیاب ہونے والے افسروں میں خواتین بھی شامل ہیں۔ان میں سے ایک ایم بی بی ایس ،2ویٹرنری ڈاکٹر،ایک ڈنٹسٹ اور ایک ایم بی اے گریجویٹ شامل ہیں۔وزیر اعلیٰ نے کھلی جیپ میں سوار ہوکر پریڈ کا معائنہ کیا۔اس موقع پر اکیڈمی کے ڈائرکٹر بھی ان کے ہمراہ تھے۔پریڈ کے معائنہ کے بعد ویپول کمار نے تربیت میں کامیاب افسروں کو حلف دلایا۔تمام افسروں نے حلف لیا کہ پوری ایمانداری کے ساتھ عوام کی خدمت کریں گے اور ریاست میں نظم وضبط برقرار رکھنے کے لئے کام کریں گے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہاکہ تمام پولیس افسروں کو چاہئے کہ وہ قانون کی پابندی کے ساتھ دل وجان سے عوام کی خدمت انجام دیں۔انہوں نے بتایاکہ پولیس اکیڈمی کے ڈائرکٹر نے انہیں اسی بات کا حلف دلایا ہے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس افسروں کو چاہئے کہ وہ کبھی بھی کسی کے دباؤ میں آکر کام نہ کریں۔انہوں نے بتایاکہ وزیر اعلیٰ ہویا وزراء وہ مستقل نہیں ہوتے۔وہ آئیں گے اور جائیں گے اس لئے کسی بھی سیاسی قائد کے دباؤ میں آکر کام نہیں کرنا چاہئے۔انہوں نے افسروں کو ہدایت دی کہ وہ جہاں بھی جائیں عوام کا اعتماد حاصل کرکے اچھی طرح کام کریں۔اس موقع پر انہوں نے بھروسہ دلایا کہ وہ محکمہ پولیس میں خدمات انجام دینے والے کانسٹیبل سے لے کر اعلیٰ افسروں تک کی تمام ممکنہ حد تک مدد کرنے کے لئے ہمیشہ تیار رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کہتاہوں کہ ہم سب ایک خاندان کی طرح ہیں اس لئے ہم سب مل کر عوام کی خدمت کریں گے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ میں میسوروکے چندر کمار نیل کنٹھاکو ’’بیسٹ آل راؤنڈر‘‘کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔خواتین کے زمرے میں یہ ایوارڈ بنگلورکی جی انورادھانے حاصل کیا۔بعد میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں تمام حلقوں میں کانگریس اور جنتادل (ایس) کے امیدوار کامیاب ہوں گے۔کیونکہ ریاست میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی مخلوط حکومت ہے جسے عوام کی بھر پور حمایت حاصل ہے۔میسور کے صحافیوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریاست میں لوڈ شیڈنگ کے تعلق سے احکامات جاری نہیں کئے گئے ہیں صرف مجھے بدنام کرنے کے لئے ایسی بے بنیاد افواہیں پھیلائی جارہی ہیں،میں ایک حساس اور جذباتی آدمی ہوں۔خدانے مجھے عوام کی خدمت کرنے کے لئے اقتدار سے نوازاہے اور میں ایک لمحہ ضائع کئے بغیر ریاست کے عوام کی خدمت کرنا چاہتاہوں۔انسان کا کیا بھروسہ آج ہے کل نہیں ہے ۔اس لئے جب بھی میرے خلاف من گھڑت باتیں کی جاتی ہیں میں برداشت نہیں کرسکتا۔جذباتی ہوجاتاہوں اور آنکھوں سے آنسونکل آتے ہیں۔ان آنسوؤں کی قیمت انسانی ہمدردی رکھنے والا انسان ہی سمجھ سکتاہے۔میر ے آنسوؤں پر بھی چند لوگ ہنستے ہیں اور میرے آنسوؤں کو مگر مچھ کے آنسو کہہ کر میرا مذاق اڑاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا میں یہ غلط خبر شائع ہوئی کہ میں بلاری کے ضمنی انتخابات کے کانگریس امیدوار وائی ایس اگرپا کی حمایت میں انتخابی مہم میں حصہ نہیں لوں گا۔لیکن 31؍اکتوبر کو وای ایس اگرپا کی حمایت میں انتخابی مہم میں حصہ لوں گا۔انہوں نے ریاستی بی جے پی کے صدر بی ایس ایڈی یورپا کے اس الزام کو مسترد کردیا کہ ودھان سودھا کو بند کرکے وہ صرف ضمنی انتخابات میں مصروف ہوگئے ہیں۔ایڈی یورپا کہتے ہیں کہ کانگریس کے ایک رکن اسمبلی نے کہا کہ ریاست کی معاشی حالت ٹھیک نہیں ہے ۔لیکن اس موقع پر بتادینا چاہتاہوں کہ ریاست کی مالی پوزیشن مستحکم ہے اور اچھی ہے ۔کسی کو بھی پریشان ہونے کی چنداں ضرورت نہیں ہے ۔سابق ریاستی وزیر وحلقہ چن پٹن کے سابق رکن اسمبلی سی پی یوگیشورکے تعلق سے انہوں نے بتایاکہ جس شخص نے عوام کو دھوکہ دیا ہو وہ میرے تعلق سے بات کرنے کا اہل ہی نہیں ہے۔میسور کے سابق میئر روی کمار،بھارتیہ جنتاپارٹی کے قائد ورکن اسمبلی ایل ناگیندر اس موقع پر موجود تھے۔