نیتن یاھو کا برازیل سے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کرنے کا مطالبہ

01:20PM Mon 31 Dec, 2018

اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے برازیل پر مقبوضہ بیت المقدس کو صہیونی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کرنے اور اپنا سفارت خانہ تل ابیب سے القدس منتقل کرنے پر زور دیا ہے۔ نیتن یاھو کا کہنا ہے کہ برازیل کا القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ برازیل کی صحافتی تنظیم 'یو او ایل' کے مطابق نیتن یاھو نے ریو دی جنیرو میں یہودی گروپ کے ساتھ ملاقات میں کیا۔ خیال رہے کہ نیتن یاھو ایک ایسے وقت میں ریو دی جنیرو پہنچے جہاں نو منتخب صدر یائیربولسونارو کل یکم جنوری کو عہدے کا حلف اٹھا رہےہیں۔ ادھر اسرائیلی اخبارات کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نے برازیل روانگی سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ وہ نئے برازیلین صدر سے ملاقات میں ان پر القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرانے کے لیے دبائو ڈالیں گے۔ گذشتہ ماہ بولسونارو نے ٹویٹر پر ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ وہ صدر منتخب ہو کر القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرلیں گے۔