سعودی عرب: غیر قانونی عازمین حج کی آمد روکنے کے لیے اقدامات
02:23PM Thu 25 Aug, 2016
سعودی حکام نے غیر مجاز عازمین حج اور گاڑیوں کے مکہ مکرمہ میں داخلے کو روکنے کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کیے ہیں اور ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی تیز کردی ہے۔
وسطی علاقے کے لیے حج سکیورٹی فورسز کے اسسٹنٹ کمانڈر میجر جنرل ڈاکٹر سعود الخلیوی نے بتایا ہے کہ پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل عثمان المحرج نے مختلف صوبوں میں پولیس اور پبلک سکیورٹی کے ڈائریکٹروں کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ان میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ چیک پوائنٹس پر کڑی نظر رکھیں اور غیر مجاز عازمین حج کو مکہ مکرمہ اور دوسرے مقدس مقامات میں داخل ہونے سے روکیں۔
اسی طرح کا کریک ڈاؤن حج خدمات فراہم کرنے والی فراڈ کمپنیوں کے خلاف بھی شروع کیا جائے گا۔واضح رہے کہ سعودی عرب نے حالیہ برسوں کے دوران اندرون ملک سے تعلق رکھنے والے عازمین کے داخلے کو روکنے کے لیے سخت قوانین نافذ کیے ہیں۔ان کے تحت حج کا فریضہ ادا کرنے کے خواہاں سعودیوں کے لیے اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری ہے۔
سعودی قانون کےتحت غیرمجاز عازمین کو قید ،جرمانے اور بے دخلی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ گذشتہ سال سعودی حکام نے ایک لاکھ 60 ہزار افراد کو مکہ اور دوسرے مقدس مقامات میں حج کے اجازت نامے کے بغیر داخل ہونے سے روکا تھا۔
سعودی عرب کے سکیورٹی حکام حج کے موقع پر عازمین حج کو سکیورٹی ،انسانی امداد اور تنظیمی رہ نمائی مہیا کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لارہے ہیں۔
میجر جنرل الخلیوی نے بتایا ہے کہ مسجد الحرام ،اس کے صحن اور وسطی علاقے کی جانب جانے والی شاہراہوں کی سکیورٹی کی ذمے دار خصوصی فورسز نے ایک سکیورٹی منصوبے کو حتمی شکل دے دی ہے اور اس پر عمل درآمد بھی شروع کردیا گیا ہے۔اس کے تحت مسجد الحرام کی تمام منازل ،اس کے دروازوں اور صحن میں افسروں اور پرائیویٹس کو تعینات کردیا گیا ہے۔
انھوں نے مزید بتایا ہے کہ مسجد الحرام کے سکیورٹی مانیٹرنگ روم کو کیمروں سمیت جدید ٹیکنالوجی مہیا کی گئی ہے تاکہ مسجد الحرام کے تمام راستوں ،منازل اور صحن کی چوبیس گھنٹے نگرانی کی جا سکے۔