کسانوں کا قرض معاف کرنے وزیر اعلیٰ کی انوکھی اسکیم
02:11PM Tue 28 Aug, 2018
بنگلورو 28؍اگست (سالار نیوز) کسانوں کے قومیائی گئی بینکوں کے قرضوں کو معاف کرنے کا اعلان کرنے کے بعد وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے قرضہ معافی کے لئے وسائل جمع کرنے ایک نئی اسکیم تیار کی ہے جس کے تحت مختلف محکموں میں استعمال نہ کرکے بچی ہوئی رقم قرضہ معافی کے لئے جمع کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ وزیر اعلیٰ کمار سوامی نے بتایا کہ محکمۂ سماجی بہبود ، محکمہ تعلیمات عامہ سمیت مختلف محکموں میں تقریباً 600 کروڑ روپئے خرچ نہیں ہوئے ہیں ۔ اس رقم کو قرضہ معافی کے لئے استعمال کرنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ قومیائی گئی بینکوں کے قرضے معاف کرنے کے فیصلے سے ریاستی خزانہ پر تقریباً 32 ہزار کروڑ کا بوجھ پڑگے گا اور وزیر اعلیٰ نے یہ رقم 4 قسطوں میں ادا کرنے کا وعدہ کیا ہے ۔ قرضہ معافی کے لئے ہی اس مرتبہ بجٹ میں 6500 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ قومیائی گئی بینکوں میں کسانوں کے قرضہ کا سود ہی تقریباً 7419 کروڑ روپئے ہے ۔ اس رقم کو وزیر اعلیٰ نے قسطوں میں ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت 2018-19 میں 6000 کروڑ، 2019-20 میں 8550 کروڑ ، 2020-21 میں 7875 کروڑ، 2021-22 میں 7131 کرو ڑ روپئے جمع کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ کمار سوامی نے پٹرول، ڈیزل پر سیس کے ذریعہ جمع ہونے والی ایک ہزار کروڑ کی رقم بھی قرضہ معافی کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ قرضہ معافی کے لئے اپنے ہی طریقے سے رقم جمع کرنے کے لئے اقدام کررہے وزیر اعلیٰ کمار سوامی مختلف محکموں میں باقی تقریباً 600 کروڑ روپیوں کے ساتھ پٹرول ، ڈیزل پر لگائے جانے والے سیس سے بھی حاصل ہونے والی رقم کو قرضہ معافی کے لئے استعمال میں لانے پر سنجیدگی سے غور کررہے ہیں ۔ اس کے علاوہ مختلف ذرائع سے بھی رقم کو حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں تاکہ اس رقم کو کسانوں کی قرضہ معافی کے لئے استعمال میں لایاجائے ۔ تاکہ اس سے کسی بھی طرح کی کوئی پریشانی نہ ہو ۔