چھتیس گڑھ: بھوپیش بگھیل حکومت کی کابینہ کی توسیع، نو اور وزراء نے لیا حلف
01:24PM Tue 25 Dec, 2018
چھتیس گڑھ کی گورنر آنندی بین پٹیل نے آج یہاں بھوپیش بگھیل حکومت کے نو اور وزراء کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ آنندی بین پٹیل نے پولیس پریڈ میدان پر منعقد باوقار تقریب میں رویندر چوبے ،پریم سائے سنگھ، محمد اکبر،کباسی لکھما، شیو ڈہیریا،محترمہ انیلا بھیڑیا ،جے سنگھ اگروال ،گرورودر کمار اور اومیش پٹیل کو وزیر کے عہدے کا حلف دلایا۔
بھوپیش بگھیل نے 17دسمبر کو وزیراعلی کے عہدے کا حلف لیا تھا۔ اسی دن بگھیل کے علاوہ ٹی ایس سنگھ دیواور تامردھوج ساہو نے کابینہ کے وزیر کے عہدے کا حلف لیا تھا۔آج کل نو وزرا نے حلف لیا۔ اس طرح وزیراعلی اور 11وزرا چھتیس گڑھ کی کابینہ کے وزیرہو گئے ہیں۔
طے شدہ ضوابط کے مطابق اب وزیر کا صرف ایک عہدہ ہی خالی ہے۔90 رکنی اسمبلی میں کانگریس نے 68 سیٹوں پر شاندار جیت حاصل کر کے پندرہ برسوں بعد اقتدار میں واپسی کی ہے۔ آج کی حلف برداری تقریب میں سینئر کانگریس لیڈر اور افسر بھی موجود تھے۔