برقی بسیں خریدنے کے لئے مالی تعاون دینے سے مرکز کا انکار حکومت کے فیصلہ سے کے ایس آر ٹی سی کو زبردست دھچکا
02:25PM Wed 20 Jun, 2018
بنگلور، 20 جون(سالار ) کرناٹک اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (کے ایس آر ٹی سی) کی طرف سے مختلف شہروں کے درمیان برقی بسیں دوڑانے کے طویل عرصہ سے منتظر منصوبہ کو ایک زبردست دھچکا لگا ہے، واضح رہے کہ کے ایس آر ٹی سی کا یہ منصوبہ پورے ملک میں اپنی نوعیت کا اولین منصوبہ تھا۔افسران نے بتایا ہے کہ مرکزی حکومت نے ایک وضاحت میں یہ کہا ہے کہ اس کی ترجیح میٹرو پالیٹن شہروں ہی میں برقی بسوں کی خدمات فراہم کرنا ہے اور چونکہ کے ایس آر ٹی سی کی طرف سے جن بسوں کی خریداری کا منصوبہ ہے وہ مختلف شہروں کے درمیان دوڑنے والی ہیں ، ان کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے سبسیڈی نہیں فراہم کی جا سکتی، اس فیصلہ نے کے ایس آر ٹی سی کے جوش پر پانی پھیر دیا ہے۔کے ایس آر ٹی سی نے بنگلور ٹمکور، بنگلور میسور اور بنگلور کولار کے درمیان برقی بسیں دوڑانے کا فیصلہ کیا تھا، یہ تمام شہر ریاست کے صدر مقام سے دو سو کلو میٹر کے اندر ہی ہیں۔ اس سلسلہ میں کے ایس آر ٹی سی پچاس برقی بسیں خریدنا چاہتی تھی اور اس نے مرکزی حکومت کی خدت میں اس کے لئے پچاس فیصدی مالی تعاون طلب کیا تھا، لیکن مرکزی حکومت نے اس کے لئے تعاون کے دینے سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد کارپوریشن نے وقتی طور پر اس منصوبے سے اپنے ہاتھ کھینچ لئے ہیں۔برقی بسیں ’’ماحول دوست‘‘ہوتی ہیں اور ان کی خریداری کے ایس آر ٹی سی کے لئے منافع بخش بھی ہوگی، فی الحال کے ایس آر ٹی سی فی کس ایک کروڑ دس لاکھ روپئے ادا کر کے والوو بسیں خریدتا ہے، ایک برقی بس کی قیمت دو کروڑ پچاس لاکھ روپئے ہوگی لیکن مرکزی حکومت کی جانب سے پچاس فیصد مالی تعاون اور ریاستی حکو مت کی طرف سے تیس تا چالیس فیصد مالی تعاون کی وجہ سے کے ایس آر ٹی سی کے لئے ان بسوں کی خریدی میں کوئی پریشانی نہیں ہو سکتی تھی۔مرکزی حکومت کا دعویٰ ہے کہ کے ایس آر ٹی سی بسیں مختلف شہروں کے درمیان ہی دوڑتی ہیں جس کی وجہ سے فضائی آلودگی زیادہ نہیں ہو سکتی،البتہ کے ایس آر ٹی سی کے منیجنگ ڈائرکٹر اوما شنکر کا کہنا ہے کہ کے ایس آر ٹی سی کی بسیں زیادہ تر شہری علاقوں ہی میں دوڑتی ہیں ، اس کے علاوہ بنگلور سے میسور اور ٹمکور جانے والے راستوں پر سواریوں کا اژدہام بھی زیادہ ہوتا ہے جس کی وجہ سے آلودگی بھی زیادہ ہوتی ہے، اس طرح مرکزی حکومت کا موقف درست نہیں ہے۔