اچھی خبر ! قومی راجدھانی دہلی میں اتنے روپے سستے ہوسکتے ہیں پٹرول اور ڈیزل ، منگل کو اعلان کا امکان
02:59PM Mon 24 Sep, 2018
Share:
پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہیں۔ دہلی میں پیر کو پٹرول کی قیمت 83 روپے کے نزدیک پہنچ گئی ۔ تاہم اب ایک اچھی خبر ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی میں جلد ہی پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں دو روپے تک کی کمی ہوسکتی ہے۔ ریاستی حکومت نے پٹرول و ڈیزل پر ویٹ کی شرحوں میں کمی کرنے کا ارادہ بنالیا ہے اور اس کا اعلان منگل کو کیا جاسکتا ہے۔
نوبھارت ٹائمس میں شائع ایک خبر کے مطابق یہ تخفیف 3-4 فیصد تک ہوسکتی ہے، جس کی وجہ سے دونوں مصنوعات کی قیمتوں میں ڈیڑھ سے دو روپے تک کی کمی ہوسکتی ہے۔ دہلی کے محکمہ خزانہ کے ایک افسر کے مطابق اس سلسلہ میں تقریبا اتفاق رائے قائم ہوچکا ہے اور اگر سب کچھ اس کے مطابق ہوا تو منگل کو ویٹ میں تخفیف کا اعلان کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ ویٹ شرحوں کو لے کر پڑوسی ریاستوں اترپردیش اور ہریانہ سمیت کئی شمالی ریاستوں میں تین سال قبل اتفاق رائے قائم کیا گیا تھا کہ شرح یکساں رکھنا ہے۔
کسی بھی ایک ریاست میں کم یا زیادہ شرح سے ریونیو کا توازن بگڑ جاتا ہے ۔ اب جب پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں راحت دینے کی ضرورت محسوس کی جارہی ہے تو ان ریاستوں کو بھی اعتماد میں لینا ضروری ہے ۔ اسی مقصد سے منگل کو چنڈی گڑھ میں دہلی ، ہریانہ ، پنجاب اور اترپردیش کے وزرائے خزانہ کی میٹنگ رکھی گئی ہے ۔ اسی دن کوئی اعلان کیا جاسکتا ہے۔
فی الحال دہلی ، اترپردیش ، ہریانہ میں پٹرول پر تقریبا 27 فیصد اور ڈیزل پر 17 فیصد ویٹ ہے ۔ اگر دونوں پر 3-4 فیصد تک کم ہوجاتا ہے تو قیمتیں دو روپے تک کم ہوجائیں گی ۔ پنجاب میں ڈیزل پر ویٹ تو اتنا ہی ہے لیکن پٹرول پر 35 فیصد ہے۔