بی جے پی کی آفیشیل ویب سائٹ ہیک، ڈالا گیا قابل اعتراض مواد

12:57PM Tue 5 Mar, 2019

نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آفیشیل ویب سائٹ کو ہیک کر لیا گیا ہے۔ ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد وہ ڈاؤن ہو گئی اور اس پر کوئی بھی کام نہیں ہو پا رہا ہے۔ بی جے پی کی آفیشیل ویب سائٹ (www.bjp.org) کو اگر اوپن کرنے کی کوشش کی جائے تو پہلے تو کچھ پروسیسنگ ہوتی ہے اور اس کے بعد یہ پیغام لکھا ہوا نظر آتا ہے، ’وی وِل بی بیک سون‘ (ہم جلد ہی واپس لوٹیں گے)۔
 کانگریس کی سوشل میڈیا ہیڈ دِویا اسپندنا نے سب سے پہلے بی جے پی کی ویب سائٹ کی خرابی کو نوٹس کیا اور اس کے حوالہ سے ٹوئٹ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی اور جرمن چانسلر انجیلا میرکل کے ایک میم (مزاحیہ پیغام) کا اسکرین شاٹ بھی شیئر کیا۔
دوپہر تقریباً 11.30 بجے بی جے پی کی آفیشیل ویب سائٹ (www.bjp.org) کو اوپن کرنے کی کوشش کی گئی تو اس میں کچھ قابل اعتراض مواد نظر آنے لگا۔ حالانکہ بعد میں سائٹ ڈاؤن ہونے کا ایرر میسج (خرابی کا پیغام) نظر آنے لگا۔ کانگریس کی سوشل میڈیا انچارج دویا اسپندنا نے اسے لے کر ٹوئٹ کیا ہے۔ ٹوئٹ میں وہ ویب سائٹ ہیک ہونے کے بعد اسے دیکھنے کے لئے کہہ رہی ہیں۔ انہوں نے لکھا، ’’بھائیوں اور بہنو! اگر آپ نے ابھی تک بی جے پی کی ویب سائٹ چیک نہیں کی ہے تو دیکھ لیجیے، آپ بہت کچھ مِس کر رہے ہیں۔‘‘