ممبئی پہنچنے تک کمزور پڑا نسرگہ طوفان: ٹل گیا خطرہ، اب تک کوئی جانی نقصان نہیں!

03:40PM Wed 3 Jun, 2020

ممبئی: 3 جون،20 (ذرائع) طوفان نسرگہ ممبئی پہنچ کر کمزور پڑ گیا ہے اور کئی مقامات پر درخت گرنے اور مکانات کو نقصان پہنچنے کے علاوہ کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ تیز ہواؤں اور بارش کی وجہ سے جو مالی نقصان پہنچا ہے اس کا اندازہ لگایا جانا ابھی باقی ہے اور لینڈ فال کے بعد کے حالات کا اب جائزہ لیا جانا شروع ہو گیا ہے۔ اس سے قبل  مہاراشٹر کے علی باغ علاقے کے ساحل سے یہ طوفان تیز رفتاری کے ساتھ ٹکرایا ہے۔ اس دوران بھیانک طوفان کے ساتھ بارش بھی شروع ہو گئی ہے۔ مہاراشٹر کے کئی علاقوں میں طوفان اور تیز بارش کا نظارہ دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کئی رہائشی علاقوں میں گھروں کی چھتیں تیز ہواؤں میں اڑ گئی ہیں اور بجلی کے کھمبوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گردابی طوفان کی رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ تک ہے۔ قابل ذکر ہے کہ آئی ایم ڈی کے ڈائریکٹر جنرل مرتیونجے مہاپترا نے پہلے ہی اس بات کا اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ بڑے گھروں، جھونپڑیوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور اس کی چھتیں و میٹل شیٹس اڑ سکتی ہیں۔ بجلی اور فون کی لائنوں کو نقصان پہنچنے کا بھی خدشہ انھوں نے ظاہر کیا تھا۔