راجستھان ہائی کورٹ نے زخمی پڑے ہوئے عظمت خاں سمیت دیگر کی گرفتاری پر روک لگادی
03:44PM Thu 4 May, 2017
جے پور/نئی دہلی(بھٹکلیس نیوز)الور میں گائے کے نام پر خونی کھیل میں الٹے ہی متاثرین پر چل رہے مقدمے میں آج جمعےۃ علماء ہند کو ا س وقت بڑی راحت ملی جب راجستھان ہائی کورٹ نے زخمی پڑے ہوئے عظمت خاں سمیت دیگر کی گرفتاری پر روک لگادی ۔ ہائی کورٹ جج ،جسٹس سبینا نے یہ فیصلہ جمعےۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمودمدنی کی ہدایت پر داخل کردہ عرضی کی سماعت کے بعد سنایا۔جمعےۃ علما ء ہند نے الو ر ضلع عدالت کے ذریعہ فوری گرفتاری کے فیصلے کے خلاف ہائی کورٹ کا دروازہ کھکٹا یا تھا ، جمعےۃ کی طرف سے ایڈوکیٹ آزاد حاضر ہو ئے ، اس کیس کی اگلی سماعت ۱۷؍مئی کو ہو گی ۔ واضح ہو کہ گزشتہ یکم اپریل کو ایک مویشی میلہ سے گائے خرید کر لوٹ رہے پہلو خاں اور دیگر کو چند فرقہ پرست تنظیموں کے افراد نے گینگ بنا کر بڑی بے رحمی سے پیٹا تھا ، جس کے بعد پہلو خاں نے ہاسپٹل میں دم توڑ دیا جب کہ باقی افرا د بری طرح سے زخمی ہوئے ۔حالاں کہ اس سانحہ کو ایک ماہ سے زائد ہو گیا ہے ، لیکن اب تک پولس نے ان ملزمان کو گرفتار نہیں کیا کیا ہے جن کا نام باضابطہ کیس اسٹیٹ مین میں درج ہے۔ اس کے برعکس کاؤنٹر مقدمے میں سرعت دکھاتے ہوئے الو ر ضِلع عدالت نے ۱۸؍اپریل کو متاثرین کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیتے ہوئے ان کی ضمانت خارج کردی تھی ۔الور پولس نے متاثرین کے خلاف ایف آئی آر نمبر 252/17,253/17کے تحت مقدمہ دائر کیا تھا ، جس میں عظمت خاں ، رفیق اور ارشاد خاں و عارف خاں ولد پہلو خاں کو ملزم بنا یا گیا تھا، ان پر آربی ایکٹ 5,8,9 کے تحت گؤ ہتھیا اور غیر قانونی طور سے گائے لے جانے کا الزام لگا یا گیا ۔ الو ر ضلع عدالت کے فیصلے کے بعد کئی طرح کے سوالا ت اٹھے تھے ، لوگوں میں اس کولے کر مایوسی تھی کہ عدالت نے زخمیو ں کے معقول علاج ومعالجہ کے حکم کے بجائے بستر پر لیٹے ہوئے ان متاثرین کی فوری گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔تاہم اب جمعےۃ کی کوششوں کے بعدمتاثرین کے گاؤں جئے سنگھ پور میں لوگوں نے راحت کی سانس لی ہے۔جمعےۃ علماء ہریانہ ، پنجاب و ہماچل کے صدر مولانا یحیے کریمی نے اس بات پر دکھ کا اظہار کیا کہ ضلع عدالت نے زخمی پڑے ہوئے افراد اور مقتول کے ورثاء کی ضمانت عرضی کو خارج کرنے میں جلدی دکھائی ، مگر دوسری طرف نامزد چھ ملزمان کی گرفتاری پر کوئی کاروائی نہیں کی۔انھوں نے کہا کہ جس دن یہ معاملہ ہو ا، اسی دن سے جمعےۃ علماء، متاثرین کے لیے کام کررہی ہے ، ہم نے اس سلسلے میں جمعےۃ علماء ہند کے رہنما ء حضرت مولانا محمود مدنی صاحب سے بات چیت کی تھی ،مولانا مدنی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ متاثرین کو انصاف دلانے کے لیے ضرورت پڑی تو سپریم کورٹ تک جائیں گے۔مولانا یحیے کریمی نے کہا کہ مولانا مدنی کی ہدایت پر مولانا حکیم الدین قاسمی سکریٹری جمعےۃ علماء ہند کے ساتھ ایک وفد یہاں کا دورہ کرچکا ہے ، نیز الور میں مولانا حنیف صدر جمعےۃ علماء الور انصاف کے لیے ہر طرح کی کوشش کررہے ہیں ۔