بھٹکل کے فاریسٹ علاقوں کو بھی شراوتی فاریسٹ حدود میں شامل کیے جانے پر 10/اکتوبر کو زبردست احتجاج
03:54PM Wed 18 Sep, 2019
بھٹکل: 18 ستمبر، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) اتر کنڑا ضلع کے فاریسٹ علاقوں کو شراوتی فاریسٹ حدود میں شامل کیے جانے کی مذمت کرتے ہوئے اس فیصلہ کو واپس لینے اترکنڑا ضلع فاریسٹ بھومی حقوق ہوراٹا ویدیکے کی جانب سے 10/اکتوبر کو زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ اس کی اطلاع یہاں ایک نجی ہوٹل میں منعقد اخباری کانفرنس میں سمیتی کے ذمہ داروں نے دی۔
ضلعی صدر رویندر نائک کی صدارت میں منعقد اس اخباری کانفرنس میں اس کی پرزور مخالفت کرتے ہوئے کہا گیا کہ اتر کنڑا ضلع کے فاریسٹ علاقوں کو شراوتی فاریسٹ حدود میں شامل کرنے کے منصوبہ کے تحت بھٹکل کے کوپا، ہینجلے، بداباگ، ہیسروالی، ہلیانی، کیکوڈ، ہاڈولی، مرکوڈی، اونیباب، کلواڈی اور دیگر جگہوں کے فاریسٹ علاقوں کو اس میں شامل کیا گیا ہےاس سے جنگلات میں مقیم افراد کو کافی پریشانیاں ہونگی ۔
خیال رہے کہ یاستی محکمہ جنگلات کی طرف سے اترکنڑا ضلع کے اگھناشنی علاقے کی 30ہزار ایکڑ فاریسٹ زمین کو شراوتی جنگلاتی علاقے میں شامل کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے، متعلقہ حکم سے جنگلات میں مقیم مکینوں کو کافی تکالیف اور پریشانیوں کا سامناکرناپڑےگا۔ جنگلی جانوروں کی حفاظت کے لئے1978ء میں ہی جنگلات کو اگھناشنی اور شراوتی زون کے طورپر تقسیم کیاگیا تھاجس کا احاطہ 43ہزار ہیکٹر پر مشتمل ہے۔
اس موقع پر سمیتی کے تعلقہ صدر راما موگیر، دیوراج گونڈا، پانڈو رنگا نائک، عبدالقیوم کولا، شبیر، سلیمان، ایرپا نائک، رضوان اور دیگر لوگ موجود تھے۔