پاکستان : خواجہ آصف کے منہ پر سیاہی کے بعد اب نواز شریف پر لاہور کے ایک مدرسہ میں پھینکا گیا جوتا
12:29PM Sun 11 Mar, 2018
Share:
لاہور : پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف پر اتوار کو لاہور میں ایک مدرسہ کے دورے کے دوران ایک شخص نے جوتا پھینک دیا جو ان کے کندھے اور سر پر لگا۔ اس واقعے کی بڑے پیمانے پر مذمت کی جا رہی ہے۔ خیال رہے کہ اس سے قبل ہفتہ کی رات سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کے کنونشن کے دوران پاکستان کے وزیرِ خارجہ خواجہ آصف کے منھ پر پر ایک شخص نے سیاہی پھینک دی تھی۔
پاکستانی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نواز شریف جامعۂ نعیمیہ کے بانی مفتی حسین نعیمی کی برسی کے موقعے پر خطاب کرنے مدرسے پہنچے تھے اور جونہی وہ اسٹیج پر آئے ، ایک شخص نے نزدیک سے ان پر جوتا پھینک دیا۔ ٹیلی ویژن پر دکھائی جانے والی فوٹیج میں جوتا پھینکنے والے شخص کو جوتا پھینکنے کے بعد اسٹیج کے بالکل سامنے آ کر دونوں ہاتھ فاتحانہ انداز میں بلند کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نوازشریف پر ایک سے زائد جوتے پھینکے گئے اور جوتے پھینکنے والے جامعہ نعیمیہ کے فارغ التحصیل طلبہ ہیں۔ پولیس نے جوتے پھینکنے کے الزام میں تین افراد کو گرفتار کیا ہے جن کے نام عبدالغفور اور ساجد ہیں۔ ملزمان کو قلعہ گجر سنگھ پولیس نے اپنی تحویل میں لے لیا ہے۔ ادھر جامعہ نعیمیہ کے مطابق جوتا مارنے والا شخص جامعہ کا طالب علم نہیں ہے۔