ارون جیٹلی نے کہا : منسوخ نہیں ہوگا رافیل طیارہ سودہ ، کانگریس صدر راہل گاندھی پر بھی سادھا نشانہ
01:00PM Sun 23 Sep, 2018
رافیل طیارہ سودے کو لے کر فرانس کے سابق صدر فرانسو اولاند کے دعوی کے بعد مودی حکوت اپوزیشن کے نشانے پر آگئی ہے، جس کے بعد مرکزی حکومت کے سبھی وزرا اپنی حکومت کے دفاع میں اتر آئے ہیں۔ مرکزی وزیر ارون جیٹلی نے رافیل سودے کو لے کر کانگریس صدر راہل گاندھی کے الزامات پر جوابی حملہ کیا ہے ۔ جیٹلی نے واضح طور پر کہا کہ کسی کے کچھ بھی کہنے سے اور الزام لگانے سے رافیل سودہ منسوخ نہیں کیا جائے گا۔
رافیل ڈیل پر ہنگامہ آرائی کے دوران ارون جیٹلی نے راہل گاندھی کے لوک سبھا میں وزیر اعظم سے گلے ملنے اور بعد میں آنکھ مارنے والے واقعہ کا بھی تذکرہ کرتے ہوئے طنز بھی کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پبلک ڈسکورس لافٹر چیلنج نہیں ہے ، آپ کسی کو گلے لگا لو ، آنکھ مار لو اور پھر غلط بیان دیتے رہو ، جمہوریت میں حملے ہوتے ہیں ، لیکن الفاظ ایسے ہوں جس میں دانشمندی نظر آئے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مجھے بالکل بھی حیرانی نہیں ہوگی اگر یہ سب پہلے سے ہی منصوبہ بند نکلے گا ۔ کیونکہ 30 اگست کو راہل گاندھی نے ٹویٹ کرکے کہا تھا کہ پیرس میں کچھ دھماکے ہونے والے ہیں اور اس کے بعد وہی ہوا جیسا کہ انہوں نے کہا تھا ۔ جیٹلی نے کہا کہ راہل گاندھی کو کیسے معلوم ہوا کہ فرانس سے ایسا بیان آنے والا ہے ۔ یہ جگل بندی ہے ، اس پر میرے پاس ثبوت نہیں ہیں ، لیکن ذہن میں سوال کھڑے ہورہے ہیں ۔