نیلے درو دیوار والا دلکش شہر

01:34PM Sun 12 Feb, 2017

مراکش

پہاڑی کے دامن میں واقع شفشاؤن نامی یہ چھوٹا سا خوبصورت شہر جدید دنیا سے بہت پیچھے ہے لیکن مراکش آنے والے سیاحوں کی دلچسپی کا ایک اہم مرکز بھی ہے کیونکہ یہاں کی تمام عمارتوں پر نیلا رنگ کیا گیا ہے۔

اس کا ایک اور نام ’’شاؤن‘‘ بھی ہے البتہ یہ ’’مراکش کے نیلے شہر‘‘ کے نام سے زیادہ مشہور ہے جسے 1471 میں اسپین سے بے دخل کیے جانے والے یہودیوں نے آباد کیا تھا۔ یہاں خاص طور پر ایک قلعہ بھی تعمیر کیا گیا تھا جس کا مقصد شمالی مراکش کو پرتگالی اور ہسپانوی حملہ آوروں سے محفوظ رکھنا تھا۔

اس شہر کی ہر عمارت اور در و دیوار پر نیلا رنگ دراصل یہودی رواج کی یادگار ہے جو صدیوں پہلے یہاں سے چلے گئے تھے لیکن بعد میں آنے والوں نے یہ سلسلہ برقرار رکھا اور آج تک اس شہر میں بننے والے ہر گھر، ہر دکان، ہر مکان، یہاں تک کہ گملوں اور کھمبوں تک پر نیلا رنگ ہی کیا جاتا ہے۔

2011 کی خانہ جنگی سے پہلے تک یہاں ہر سال لاکھوں سیاح آتے تھے اور مراکش کی حکومت اپنے ہاں سیاحت کو فروغ دینے کےلیے اس شہر کو بطورِ خاص شامل رکھا کرتی تھی لیکن خراب حالات کی وجہ سے یہاں سیر و سیاحت تباہ ہوگئی۔

البتہ حالات قدرے سنبھل جانے کے بعد سے اب مختلف ملکوں کے سیاح ایک بار پھر یہاں آنے لگے ہیں اور اس چھوٹے سے شہر کی خوشگوار آب و ہوا اور عمارتوں کی نیلی رنگت سے محظوظ ہونے لگے ہیں۔

735453-bluecityx-1486803516-634-640x480 blue-city-01-1486803569 blue-city-02-1486803572 blue-city-03-1486803575