شاہ سلمان نے مسجد قدیح میں خونریزی پر داعش کی مذمت کی
02:06PM Tue 26 May, 2015
بھٹکلیس نیوز / 26 مئ، 15
جدہ: خادم حرمین شریفین و فرمانروائے مملکت شاہ سلمان بن عبد العزیز آل سعود کی صدارت میں کابینہ کے اجلاس میں جمعہ کو مسجد قدیح میں دہشت گردانہ حملہ کی شدت سے مذمت کی۔ اور کہا کہ یہ مملکت سعودی عرب کی سلامتی و استحکام کے لیے خطرہ ہے۔ یاد رہے کہ جمعہ کو مسجد قدیح میں خود کش بمبار نے نماز جمعہ کے دوران عین اس وقت خود کو دھماکہ سے اڑا لیا تھا جب امام دوسری رکعت پڑھا رہا تھا۔اس دھماکہ میں 30سے زائد نمازیوں کی موت ہوگئی تھی اور 100سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔کابینہ نے اجلاس کے بعد ایک بیان جاری کر کے کہا کہ اس بہیمانہ کارروائی میں بے قصورافراد کو زندگی سے ہاتھ دھونا پڑا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ یہ ان کینہ پرور اور مسلکی بغض و عناد رکھنے والے مجرموں کی دہشت گردانہ جارحیت ہے جو مسلمانوں کا خون بہاتے ہیں اور نمازیوں کو بھی نہیں بخشتے۔وزیر ثقافت و اطلاعات عدیل الطوریفی نے کہا کہ کابینہ نے خود کش بمبار اور اس کے ساتھیوں کی شناخت کرنے اور جس دہشت گروپ سے بمبار کا تعلق تھا اس کے کئی انتہا پسندوں کو گرفتار کرنے پر سعودی عرب کی سیکورٹی فورسوں کی کوششوں کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ خود کش بمبار نے سعودی شہریوں میں پھوٹ ڈالنے ، افراتفری وجنگ و جدال پھیلانے اور بغاوت کرانے کے مذموم و ناپاک ارادوں س کو عملہ جامہ پہنانے کی کوشش میں لگی دہشت گرد تنظیم داعش کے اشاروں پر یہ نہایت قابل مذمت کام کیا ہے۔