بھٹکل سرکاری بس اسٹائنڈ کی عمارت تعمیر نہ ہونے پر رکن اسمبلی سنیل نائک متعلقہ افسران پر برس پڑے
04:03PM Thu 27 Jun, 2019
بھٹکل: 27 جون، 19 (بھٹکلیس نیوز بیورو) تعلقہ پنچایت میں آج صبح کے ڈی پی میٹنگ کا انعقاد ہوا اس موقع پر رکن اسمبلی سنیل نائک نے جہاں بہت سارے افسران کو صحیح طریقہ پر کام نہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لیا وہیں وہ بھٹکل سرکاری بس اسٹائنڈ کی دوبارہ تعمیر نہ ہونے پر متعلقہ افسران پر خوب برسے۔
خیال رہے کہ گزشتہ سال جولائی میں بھاری بارش کی وجہ سے بھٹکل کا بس اسٹائنڈ گر گیا تھا۔
آج کی کے ڈی پی میٹنگ میں سرکاری بس ڈپو مینجر کسی کام میں مصروف ہونے کی وجہ سے انہوں نے اپنے نائب کو میٹنگ میں بھیجا تھا ۔اس بات پر مزید خفا ایم ایل اے نے ان کے نائب سے بہت سارے سوالات کیے جس کے جوابات ان کے پاس نہ تھے ۔
تاہم سرکاری بس اسٹائنڈ کے افسران نے رکن اسمبلی کو کہا کہ نئے بس اسٹائنڈ کی تعمیر کا کام پرائیوٹ کمپنی کو دیا گیا جس میں ہم مداخلت نہیں کرتے اور نہ ہی وہ ہمیں اس سلسلہ میں کوئی رپورٹ دیتے ہیں۔
اس پر جواب دیتے ہوئے ایم ایل اے نے کہا کہ ڈپوڈ مینجر کو اس طرح کے کاموں میں مداخلت کرنے اور اس کی جانکاری لینے کا پورا اختیار رہتا ہے ۔ہمیں ایسے بے کار مینیجر وں کی وجہ سے عوام کو اور طلبہ کو جواب دینا پڑتا ہے۔ انہوں نے اس موقع پر مرڈیشور بس اسٹائنڈ کے مرمت کرنے کے تعلق سے ہورہی غفلت پر بھی مینیجر پر ناراضگی کا اظہار کیا۔