COVID-19 : کورونا وائرس سے ہندوستان میں دوسری موت ، دہلی میں 68 سالہ خاتون نے توڑا دم
02:21PM Sat 14 Mar, 2020
کورونا وائرس کا قہر اب ہندوستان میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے ۔ کرناٹک میں ہوئی ایک سن رسیدہ شخص کی موت کے بعد اب دہلی میں ایک خاتون نے جمعہ کو دم توڑ دیا ۔ بتایا جارہا ہے کہ خاتون کی عمر 68 سال تھی اور وہ کورونا وائرس کی زد میں تھی ۔ خاتون دہلی کے جنک پوری علاقہ کی رہنے والی تھی ۔
کرناٹک میں تین دن پہلے ہوئی 76 سالہ شخص کی موت ہندوستان میں کورونا وائرس سے ہوئی پہلی موت تھی ۔ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت نے جمعرات کو بتایا تھا کہ اس شخص کو کورونا وائرس کا انفیکشن ہونے کا اندیشہ تھا ، جس کی وجہ سے اس کا علاج کیا جارہا تھا ۔ تاہم موت سے پہلے لئے گئے سیمپل کی جانچ میں کووڈ 19 انفیکشن کی تصدیق ہوگئی ۔
ادھر کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد ملک میں مسلسل بڑھ رہی ہے ۔ جہاں جمعرات کو کورونا متاثرین کی تعداد 75 تھی ، وہیں جمعہ کو یہ تعداد بڑھ کر 81 ہوگئی ۔ بتایا جارہا ہے کہ اس تعداد میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔ حالانکہ مرکزی حکومت کے ساتھ ہی ریاستی حکومت بھی کورونا سے نمٹنے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے ، لیکن متاثرین کی تعداد میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے ۔
میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ڈائرکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروس کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے موت ہونے پر احتیاط کے ساتھ لاش کی آخری رسومات ادا کی جا سکتی ہیں۔ اس سے انفیکشن کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔ ان کے مطابق بجلی، سی این جی یا لکڑی سے آخری رسومات اداکی جا سکتی ہیں۔
مرنے والی خاتون اپنے بیٹے کے رابطہ میں آئی تھی جو اٹلی اور سوٹزر لینڈکے دورہ سے 23 فروری کو لوٹا تھا اور کورونا سے متاثر تھا۔خاتون شوگر اور بی پی کی مریض تھیں اور ان کو 7 مارچ کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا اور طبعیت بگڑنے کے بعد ان کو 9 مارچ کو آئی سی یو میں منتقل کر دیا گیا تھا۔ خیال رہے کہ دہلی میں کورونا ضیابیطس اور ہائپر ٹنشن سے متاثرہ خاتون کی کورونا وائرس سے جمعہ کو موت ہوگئی تھی۔ ہندستان میں کورونا وائرس سے متاثر مریض کی موت کا یہ دوسرامعاملہ ہے۔
پورے ملک میں کورونا وائرس سے متاثر لوگوں کی تعداد 83 سے زیادہ ہو گئی ہے۔ وزارت صحت کے مطابق کورونا وائرس کے متاثرین میں 66 ہندوستانی اور 17 بیرونی شہری ہیں۔ دہلی میں ساتوں کیسز ہندوستانیوں کے ہیں جن میں سے ایک کو چھٹی دے دی گئی ہے۔ دہیں ہریانہ میں اب 14 مثبت معاملات منظر عام پر آئے ہیں، یہ تمام مریض بیرونی ہیں۔ کیرالہ میں اب تک کووڈ 19 کے سب سے زیادہ معاملات کا انکشاف ہوا ہے۔ کیرالہ کے بعد مہاراسٹر اس معاملہ میں دوسرے مقام پر ہے جہاں 14 معاملات سامنے آ چکے ہیں۔
کرناٹک میں 6 معاملات کا انکشاف ہوا ہے جبکہ ایک شخص کی موت ہو چک ہے۔ راجستھان میں تین معاملات منظر عام پر آئے ہیں جن میں سے ایک مریض ہندوستانی اور ایک غیر ملکی ہے۔ وہیں ایک کو استپال سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ وہیں تلنگانہ، آندھرا پردیش، تمل ناڈو اور پنجاب میں ایک ایک معاملہ منظر عام پر آیا ہے۔ مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر اور لداخ میں اب تک تین معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے۔