Complaint Over Sewage Discharge into Sarabi River: Karwar Engineer and Bhatkal CMC Commissioner Visit Affected Area
08:48PM Sat 7 Nov, 2026
بھٹکل: 7 نومبر (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل کے غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن سے مسلسل گندہ پانی سرابی ندی میں چھوڑے جانے اور اس کے نتیجے میں مقامی مکینوں کی شکایتوں کے بعد انتظامیہ حرکت میں آگئی ہے۔
اسی سلسلے میں سنیچر کو کاروار سے اسسٹنٹ ایگزیکٹیو انجینئر سدانند نے متاثرہ علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر بھٹکل سٹی میونسپل کونسل (سی ایم سی) کے کمشنر بابا صاحب مانے اور میونسپل کونسل کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
دورے کے دوران حکام نے اس بات کا جائزہ لیا کہ غوثیہ اسٹریٹ پمپنگ اسٹیشن سے گندے پانی کو وینکٹاپور ندی کی جانب پمپ کیے جانے کے باوجود یہ پانی سرابی ندی تک کیسے پہنچ رہا ہے۔ اس مسئلے کی وجوہات کا پتہ لگانے کے ساتھ اسے مستقل طور پر حل کرنے کے لیے مختلف امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ اس ضمن میں زیادہ صلاحیت والی موٹر نصب کرنے کی تجویز بھی زیرِ غور آئی۔
دوسری جانب مقامی مکینوں نے تاریخی عمارت ’دھندا کاٹو‘ کے قریب پائپ لائن کے ذریعے ندی میں چھوڑے جانے والے گندے پانی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گندے پانی سے اٹھنے والی شدید بدبو نے علاقے میں رہنا دشوار بنا دیا ہے، جبکہ غیر صحت بخش ماحول کے باعث متعدی بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بھی بڑھ رہا ہے۔
مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ مسئلے کا عارضی حل نکالنے کے بجائے گندے پانی کی نکاسی کا مستقل انتظام کیا جائے، تاکہ سرابی ندی کو مزید آلودگی سے بچانے کے ساتھ اطراف کے رہائشیوں کو بھی اس پریشانی سے نجات مل سکے۔