تھرڈ فرنٹ کی آہٹ کے درمیان فاروق عبد اللہ کی ممتا بنرجی سے ملاقات ، قیاس آرائیوں کا بازار گرم
04:22PM Fri 21 Dec, 2018
جموں و کشمیر کے سابق وزیراعلی اور نیشنل کانفرنس کے لیڈر فاروق عبد اللہ نے ریاستی سیکریٹریٹ میں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کی۔ ریاستی سیکریٹریٹ نو بنو پہنچنے پر وزیرا علیٰ ممتا بنرجی نے سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبدا للہ کا خیر مقدم کیا۔ ممتا بنرجی سے ملاقات کرنے کے بعد فاروق عبدا للہ نے کہا کہ ممتا بنرجی سیکولرازم کی بڑی علمبردار ہے اور ملک کو بی جے پی کے ہاتھوں سے بچانے میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں۔
دوسری جانب تلنگانہ میں دوسری مرتبہ جیت حاصل کرکے اقتدار میں پہنچنے والے چندر شیکھر راؤ نے ایک بار پھر غیر بی جے پی اور غیر کانگریس اتحاد کیلئے کوشش شروع کردی ہے۔اس سلسلے میں وہ 23دسمبر کو اڈیسہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک سے ملاقات کریں گے ۔اس کے اگلے دن کلکتہ میں وزیرا علیٰ ممتا بنرجی سے ملاقات کریں۔راؤ اس سے قبل بھی ممتا بنرجی سے ملاقات کرچکے ہیں۔اس کے بعد دہلی قیام کے دوران وہ سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو اور بی ایس پی کے سربراہ مایاوتی سے ملاقات کریں گے۔
بی جے پی کے خلاف تمام اپوزیشن جماعتوں کو متحد کرنے کا اعلان کرنے والی ممتا بنرجی کے لئے غیر کانگریسی اور غیر بی جے پی اتحاد میں شامل ہونے کی امید کم ہی ہے۔ گزشتہ ہفتہ دہلی میں ہوئی اپوزیشن جماعتوں کی میٹنگ میں ممتا بنرجی شرکت کرچکی ہیں۔