بھٹکل اسلامیات کے امتحانات میں دیڑھ لاکھ سے زائد طلبہ کی شرکت
04:33PM Wed 6 Feb, 2019
بھٹکل : 6 فروری ،2019 (بھٹکلیس نیوز بیورو) بھٹکل مولانا ابوالحسن علی ندوی اسلامی اکیڈمی (کرناٹک ) کے زیراہتمام 5/ فروری 2019 کو پورے ملک میں عصری اسکولوں اور کالجز، مکاتب وغیرہ میں پڑھنے والے طلباء کے بنیادی دینی تعلیمی نصاب "اسلامیات" کا امتحان منعقد ہوا ،الحمدللہ اس سال ان امتحانات میں دیڑھ لاکھ کے قریب طلبہ نے شرکت کی ۔
واضح رہے کہ ان امتحانات کا سلسلہ مقامی طور پر 2001 ء میں 350 طلبہ سے ہوا تھا، آہستہ آہستہ اس کا دائرہ وسیع ہوتا گیا اور محض اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے جنوب میں انڈومان نکوبار سے مشرق میں منی پور اور آسام تک پورے ملک میں پھیل گیا، ان اٹھارہ سالوں میں ان امتحانات میں حصہ لینے والے جملہ طلباء کی تعداد گیارہ لاکھ سے زائد ہوئی ہے ، امسال اسلامیات کے یہ امتحانات پورے ملک کے 570سینٹرس میں بیک وقت منعقد ہوئے گزشتہ سال ان امتحانات میں ایک لاکھ چھتیس ہزار طلباء شریک تھے،امسال محض اللہ کے فضل سے اس میں تقریباً پندرہ ہزار کے قریب طلباء کا اضافہ ہوا ہے ، بقول اکیڈمی کے بانی وجنرل سکریٹری مولانا محمدالیاس صاحب ندوی بھٹکلی ’’ ان امتحانات میں شریک ہونے والے طلباء کی تعداد میں یہ حیرت انگیز اضافہ محض اللہ تعالی کے فضل اور قرآن واسلامیات میں فطری کشش اور مسلم والدین کی دلچسپی ودینی حمیت کا نتیجہ ہے۔‘‘
اسلامیات کے ان امتحانات کے لیے اکیڈمی کی طرف سے باضابطہ اسلامیات کے نام سے نرسری سے دسویں تک کے طلبہ کے لیے تیرہ کتابیں مرتب کی گئی ہیں جس کا تقریباً دنیا کی آٹھ زبانوں عربی، اردو،انگریزی، ہندی، کنڑی، تامل، فارسی، پشتو، سواحلی افریقی وغیرہ میں ترجمہ ہواہے اور یہ نصابی کتابیں ملک کے تین ہزار سے زائد اسکولوں ومکاتب کے علاوہ بیرونِ ہند سے بھی طبع ہوکر کئی ممالک کے مسلم اسکولوں میں داخل نصاب ہیں اور وہاں کی مقامی زبانوں میں اس کے تراجم منظر عام پر آئے ہیں، مسلم اسکولوں میں پڑھنے والے دیگر مذاہب کے طلباء کی ایک بڑی تعدادبھی اس نصاب کو پڑھ کر متاثر ہورہی ہے اور اپنے اخلاق وکردار کو درست کررہی ہیں۔
یاد رہے کہ اکیڈمی کی طرف سے ان امتحانات میں شریک ہر چالیس طلبہ کے گروپ میں اول ،دوم اور سوم آنے والوں کو گولڈوسلورمیڈل اور سرٹیفکٹ سے نوازا جاتاہے۔