اسرائیلی فوج کے ساتھ تصادم میں دو فلسطینی مظاہرین ہلاک، متعدد زخمی

12:54PM Sat 9 Feb, 2019

غزہ پٹی کے قریب اسرائیلی سرحد کے پاس جمعہ کو دوپہر اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں دو فلسطینی مظاہرین ہلاک اور کئی زخمی ہوگئے۔ غزہ کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے ہفتہ کو بتایا کہ مشرقی غزہ میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں حمزه اشتوی (18) کی موت ہوگئی۔ اس سے پہلے صبح اسرائیلی سرحد کے نزدیک جنوبی غزہ کے خان یونس کے شہر مشرقی علاقے میں اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے حسن شالبی (14) کی موت ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ مشرقی غزہ میں جھڑپوں کے دوران اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے 17 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔ ان میں سے زیادہ تر زخمیوں کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے ۔ کچھ دیگر کا موقع پر طبی اہلکار علاج کرتے دیکھے گئے ۔ قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال مارچ سے ہر  ہفتہ غزہ پٹی کے مختلف علاقوں میں ’واپسی مارچ‘ نام سے اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ اسی کے تحت، جمعہ کو دوپہر میں 46 ویں ریلی منعقد ہوئی تھی جس کے دوران مظاہرین کی اسرائیلی فوج کے ساتھ جھڑپیں شروع ہوئیں۔
 عینی شاہدین نے کہا کہ مظاہرین نے مشرقی غزہ پٹی اور اسرائیلی سرحد کے درمیان فلسطینی پرچم لہرائے ، اسرائیل مخالف نعرے لگائے اور سرحد پر تعینات فوجیوں پر پتھراؤ کئے ۔ اسرائیلی فوجیوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے مظاہرین پر آنسو گیس کے گولے داغے ۔ فوجیوں نے سرحد پر پہنچنے والے مظاہرین پر فائرنگ کی۔غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق، گزشتہ مارچ سے اسرائیلی فوج نے 250 فلسطینیوں کا قتل کیا ہے اور 26،000 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ (یو این آئی)