فصل بیمہ منصوبہ کسانوں کیلئے نعمت
04:43PM Fri 26 May, 2017
بنگلورو۔(بھٹکلیس نیوز)محکمۂ زراعت کے کمشنر ستیش جی نے بتایا کہ آفات سماوی سے فصلوں کی تباہی کے سبب پریشانیوں کاشکار کسانوں کیلئے وزیراعظم فصل بیمہ منصوبہ نعمت سے کم نہیں ہے۔ فصل بیمہ چیلنجس اور مسائل کے موضوع پر منعقدہ کارگاہ کا افتتاح کرنے کے بعد انہوں نے کسانوں کو آواز دی کہ وہ صرف بیمہ کو نظر میں رکھتے ہوئے فصلیں نہ اگائیں۔ جبکہ فصل بیمہ منصوبہ سے کسانوں کو کافی مدد پہنچ رہی ہے۔ ملک کا معاشی نظام زراعت پر منحصر ہے، اگر فصلیں تباہ ہوئیں تو معاشی نظام متاثر ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر زرعی انسٹی ٹیوٹ کے صدر ملپا نے بتایاکہ 1985میں فصل بیمہ کا آغاز ہوا تھااور اس میں صرف زرعی قرضہ حاصل کرنے والوں کو شامل کیاگیاتھاجس کے بعد قومی زرعی بیمہ منصوبہ جاری ہوا۔ محکمہ کے اڈیشنل ڈائرکٹر شیوراج نے بتایاکہ ریاست کے 21لاکھ کسانوں نے فصل بیمہ کیلئے رجسٹریشن کیا ہے، جس میں گنا اور تمباکو چھوڑ کر 40 فصلیں شامل ہیں، جن میں باغبانی فصلیں بھی شامل ہیں۔اس موقع پر محکمۂ باغبانی کے جوائنٹ ڈائرکٹر ناگراج کے علاوہ دیگر موجود تھے۔