جنرل سکریٹری انجمن کی وفات پر دبئی میں تعزیتی اجلاس کا انعقاد

12:35PM Fri 19 Aug, 2016

بھٹکلیس نیوز / 19 اگست،2016 دبئی / (موصولہ رپورٹ) انجمن حامئی مسلمین کے جنرل سکریٹری مرحوم انصار قاسمجی صاحب کی وفات پر گزشتہ شب بی ایم جے ڈی کی جانب سے تعزیتی اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر جناب عبدالقادر باشہ رکن الدین صاحب، جناب اطہر جوکاکو صاحب، جناب مولانا عبدالمتین منیری صاحب اور دیگر حضرات نے مرحوم کی صفات کا تذکرہ کیا اور ان کے مغفرت کے لئے دعائیں کیں۔ دعا سے قبل سکریٹری بی ایم جے ڈی جناب جیلانی محتشم نے تعزیتی قرار داد پیش کی اور مولانا ارشاد علی افریکہ ندوی کی دعا پر اجلاس ختم ہوا۔ تعزیتیقرارداد بر وفات ۔ جناب محمد انصار قاسمجی صاحب بی ایم جے دبی کا منعقد ہونے والا یہ تعزیتی اجلاس جناب محمد انصار قاسمجی صاحب کی اس دنیا سے دائمی جدائی پر اپنے شدید صدمہ اور رنج و الم کا اظہار کرتا ہے ۔ مرحوم ایک ایسے وقت میں اس جہان فانی سے رخصت ہوئے ہیں ، جب کہ آپ کی خدمات تجربے اور صلاحیتوں کی قوم کو پہلے سے زیادہ ضرورت تھی ۔ مرحوم ایک محنتی اور مخلص اور امانت دار انسان تھے ، وہ اپنے اصولوں کے پابند تھے ۔ آپ نے سنہ ۱۹۳۸ء میں اس دنیا میں جنم لیا ، ابتدائی تعلیم ٹامل ناڈو کے شہر سیلم میں ہوئی ، جس کے بعد آپ نے سیکنڈری تعلیم انجمن ہائی اسکول میں پائی ۔ پی یوسی کمٹا سے اور بیلگام سے بی یس سی بیلگام سے مکمل کیا ۔ فراغت کے بعد یف ڈی سی ( FDC ) نامی دو ا ساز کمپنی میں ملازمت اختیار کی ، جہاں آپ نے محنت اور امانت سے (۳۶) سال کا طویل عرصہ گذارا ، اس دوران آپ نے میڈیکل نمائندے کی حیثیت سے ممبئی ، مدراس ، بنگلور اور لکھنو میں قیام  کیا، اور جنرل مینیجر کے عہدے پر پہنچ کر ۱۹۹۳ء میں آپ نے ملازمت سے ریٹائرمنٹ لی ، آخری عمر کے (۲۶) سال آپ نے قوم و ملت کی خدمت کے لئے وقف کئے ۔ دوران ملازمت آپ مدراس وغیرہ میں سماجی و ملی خدمات سے وابستہ رہے ، آخری سالوں میں قومی اور مرکزی اداروں جماعت المسلمین وغیرہ میں اہم عہدوں پر فائز رہے ، یہاں آپ کا زیادہ تر وقت انجمن حامی مسلمین میں گزرا، اس ادارے میں آپ کالج بورڈ کنوینر ، نائب صدر اور آخر ی چند سال جنرل سکریٹری کے اہم عہدے پر بھی فائز رہے ۔ رٹائرمنٹ کی عمراور بیماریوں کے باوجود آپ نے اپنی ذمہ داریاں بحسن و خوبی ادا کیں اور انہیں نبھانے کے لئے ایک ملازم کی طرح بھر پور وقت دیا ۔ اللہ تعالی آپ کی ان خدمات کو قبول کرے ، آپ کے درجات کو بلند کرے ، آپ کے فراق پر جماعت ہذا ، انجمن حامی مسلمین ، جماعت المسلمین ، جملہ ادارں اور آپ کے فرزندان و جملہ متعلقین کے غم میں برابر کی شریک ہے ۔ اللھم اغفرلہ وارحمہ۔ صدر و سکریٹری بی جے ڈی