حجاج کرام کا ریزرو کوٹہ بحال روشن بیگ تمام مطالبات مرکزی حکومت نے تسلیم کرلئے

01:38PM Wed 1 Nov, 2017

بنگلورو۔ یکن نومبر،2017(سالار نیوز) مرکزی حکومت نے حجاج کرام کے ریزرو کوٹے کو برقرار رکھنے اور قربانی کے کوپن کی خریداری کو اختیاری رکھنے سے متعلق حج کمیٹی چیرمینوں کی میٹنگ میں ریاستی حج کمیٹی کے چیرمین اوروزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ کے تمام مطالبات کو منظور کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے منعقد کی گئی میٹنگ میں جناب روشن بیگ کی طرف سے جن مطالبات کا تذکرہ کیاگیا تھا، مرکزی حج کمیٹی چیرمین چودھری محبوب علی قیصر نے اس سلسلے میں مرکز ی وزارت اقلیتی امور کو مطلع کیا اور حج کمیٹی چیرمینوں بالخصوص جناب روشن بیگ کی طرف سے اٹھائے گئے تمام مطالبات کو مرکزی حکومت نے منظور کرتے ہوئے نئی حج پالیسی کے مسودہ سے ان نکات کو ہٹانے پر اتفاق کرلیاہے۔ حکومت ہند نے طے کیاتھاکہ حجاج کرام کی روانگی کے مقامات کو 21 سے گھٹا کر 9؍ کردیا جائے گا ، تاہم ریاستی حج کمیٹیوں کی مخالفت کے سلسلے میں جناب روشن بیگ کی نمائندگی پر مرکز نے تمام 21مقامات سے حجاج کرام کی روانگی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چودھری محبوب علی قیصر نے بتایاکہ حجاج کرام کو قربانی کیلئے کوپنس کی یہیں پر خریداری کا لزوم بھی واپس لے لیا گیا ہے، اب ان کے اختیار میں ہوگا کہ وہ یہ کوپنس خریدنا چاہیں تو خریدیں یا اپنے طور پر قربانی کرلیں۔ اسی طرح حج پالیسی میں یہ مشورہ دیا گیاتھاکہ آئندہ حجاج کرام کی رہائش کے زمرے کو گرین اور عزیزیہ کی بجائے دونوں کو ضم کرکے ایک کردیا جائے۔ مرکزی حج کمیٹی کی طرف سے اس پر اعتراض کے بعد مرکزی حکومت نے موجودہ نظام کو برقراررکھنے پر بھی اتفاق کرلیاہے۔ ایک اور اہم سفارش جس کے تحت چوتھی بار درخواست دینے والے حجاج کو باقاعدہ بغیر قرعہ کے انتخاب کے سلسلے کو ختم کرنے کے متعلق کی گئی تھی، اسے بھی مرکزی حج کمیٹی نے مسترد کردیا اور حسب سابق چوتھی بار درخواست دینے والوں کو بغیر قرعہ کے منتخب کرنے پر اتفاق کرلیا ہے۔ اس کے علاوہ سعودی عرب کو حجاج کرام کو لانے لے جانے کیلئے عالمی ٹنڈر طلب کرنے کے مطالبہ کو بھی مرکزی حج کمیٹی نے مان لیا۔ ساتھ ہی جناب روشن بیگ نے گزارش کی تھی کہ حجاج کرام کو فی کس پانچ لیٹر زم زم لانے کی جو قید ہے وہ واپس لی جائے اور دس لیٹر زم زم لانے کی اجازت دی جائے۔مرکزی حکومت نے اس مطالبے کو بھی تسلیم کرلیا ہے۔